ای کچہری کے ذریعے صارفین کے مسائل کا فوری ازالہ یقینی بنا رہے ہیں، چیف ایگزیکٹو فیسکو

جمعہ 17 مارچ 2023 17:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2023ء) چیف ایگزیکٹو فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) انجینئر بشیراحمد نے کہا ہے کہ ای کچہری کے ذریعے فیسکو صارفین کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل کا فوری ازالہ یقینی بنا رہے ہیں۔ صارفین کے نئے کنکشنز کی تنصیب،خراب میٹروں کی تبدیلی اوربجلی سے متعلقہ دیگر مسائل انتہائی سرعت سے حل کئے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیسکو ہیڈکوارٹرز میں فیس بک پر ای کچہری کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت توانائی(پاورڈویژن)کی ہدایات پر صارفین کے مسائل گھر بیٹھے ایک کلک پر حل کئے جارہے ہیں۔ حکومتی ویژن کی روشنی میں کھلی کچہریوں کا انعقاد صارفین بجلی کے مسائل کو فوری حل کرنے میں بہت مددگارثابت ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

کھلی کچہریوں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیسکو ہیڈکوارٹرز میں قائم مرکزی مانیٹرنگ سیل کے علاوہ 118،ٹال فری نمبر 0800-66554اور ایس ایم ایس سروس 8118پر بھی صارفین اپنی شکایات چوبیس گھنٹے درج کراسکتے ہیں جس پر فوری ایکشن لیاجائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے بجلی چوروں کے خلاف موثر کارروائیوں کیلئے صارفین سے مدد کی اپیل بھی کی اور کہا کہ وہ فیسکو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے گردونواح میں بجلی چوری کی وارداتوں پر نظر رکھیں تاکہ فیسکو سے بجلی چوری کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے اورصارفین کو ریلیف مل سکے۔

دو گھنٹے تک جاری رہنے والی آن لائن کچہری کے دوران فیصل آباد،چنیوٹ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،جھنگ،سرگودھا،میانوالی، خوشاب اور بھکر کے صارفین نے فیس بک پر مختلف نوعیت کے مسائل جن میں نئے کنکشنز کی جلد تنصیب،پرانی اور خستہ حال تاروں کی تبدیلی،ٹرانسفارمر ز کی اپ گریڈیشن،خراب میٹروں کی تبدیلی سمیت وولٹیج کی کمی بیشی سے آگاہ کیا۔چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیراحمد نے صارفین کے مسائل کے جلد ازالے کیلئے متعلقہ افسران کوفوری احکامات جاری کئے۔اس موقع پر فیسکوکے پانچو ں آپریشن سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز بھی آن لائن موجو د تھے۔آن لائن کچہری میں،جنرل مینجر کسٹمر اینڈ کمرشل سروسز غلام فاروق ڈی جی ایچ آر اطہر ایوب چوہدری،ڈائریکٹر پی آر طاہر محمود شیخ بھی موجود تھے۔