دس بھکاری گرفتار،غیر قانونی پٹرول فلنگ ایجنسی اور تین ایل پی جی فلنگ سٹیشنز سر بمہر

جمعہ 17 مارچ 2023 17:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2023ء) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنے متعلقہ سرکلز میں ناجائز منافع خوری، تجاوزات اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران چھ پیشہ ور بھکاریوں سمیت 10 بھکاریوں کو گرفتار کر لیا اور ایک غیر قانونی پٹرول فلنگ ایجنسی اور تین غیر قانونی ایل پی جی فلنگ سٹیشنز کو سر بمہر کر دیا۔

(جاری ہے)

ترجمان آئی سی ٹی ڈاکٹر محمد عبداللہ تبسم کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز نے ناجائز منافع خوری کے حوالے سے 132 مقامات پر معائنہ کیا اور خلاف ورزوں کو 22ہزار پانچ سو روپے جرمانہ عائد کردیا۔ایک اور کارروائی کے دوران ایک دکان کو سر بمہر کر دیا اور چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔مزید برآں چھ پروفیشنل بھکاریوں کو بھی گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا۔

غیر قانونی کلینکس اور تجاوزات کے خلاف بھی آپریشن کیا گیا، قیمتوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ 9 کلو سے زائد پولی تھین بیگ ضبط کر لئے۔ ایک اور کارروائی کے دوران غیر قانونی پٹرول فلنگ ایجنسی اور تین غیر قانونی ایل پی جی فلنگ سٹیشنز کو سیل کر دیا گیا ۔ واضح رہے کہ روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات ، قیمتوں میں اضافے اور پروفیشنل بھکاریوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔