Live Updates

لاہور پولیس کی جانب سے پی ایس ایل فائنل میچ میں سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے

ہفتہ 18 مارچ 2023 23:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2023ء) لاہور پولیس کی جانب سے پاکستان سپر لیگ ٹی ٹونٹی کرکٹ سیزن ایٹ کے لاہور میں منعقدہ تمام 09 میچزکے دوران کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور شائقین کرکٹ کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثرکی قیادت میں قومی و بین الاقوامی کھلاڑیوں کی سکیورٹی کیلئے بہترین حکمت عملی اپنائی گئی۔

سکیورٹی پلان کے مطابق پولیس کے مختلف یونٹس کے07ہزارسے زائد افسران واہلکار وں نے ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔ کھلاڑیوں کی قیام گاہ، روٹس اور قذافی اسٹیڈیم کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات عمل میں لائے گئے۔ایس ایس پی آپریشنز محمد صہیب اشرف، ایس پی سکیورٹی کیپٹن(ر) دوست محمد، ایس پی ڈولفن سکواڈ، ایس پی وی وی آئی پی سکیورٹی سمیت دیگر افسران بھی فیلڈ میں موجود رہے۔

(جاری ہے)

کرکٹ کھلاڑیوں وشائقین کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے بیرئیر، واک تھروگیٹس،میٹل ڈیٹیکٹرز، خاردار تاریں ودیگرانتظامات بروئے کار لائے گئے۔اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل ہر فرد کی تلاشی کو یقینی بنایا گیا۔ خواتین شرکا کی چیکنگ بذریعہ لیڈیز پولیس عمل میں لائی گئی۔ ایلیٹ فورس،ڈولفن سکواڈ اور پی آریو کی موثر پٹرولنگ کو یقینی بنایا گیاجبکہ بلند عمارات پر سنائپرز تعینات کئے گئے۔

افضال احمد کوثرتمام میچز کے دوران کرکٹ ٹیموں کے مقامی ہوٹل سے قذافی اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم سے مقامی ہوٹل تک ٹیموں کے ہمراہ موجود رہے۔ تمام میچز کو پر امن بنانے کیلئے پنجاب سیف سٹی اتھارٹیز کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ عمل میں لائی گئی جبکہ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز بھی باقاعدگی سے جاری رہے۔ ایس پی ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے ڈیوٹی پر تعینات جوانوں کوانکے پوائنٹس پر بروقت کھانا فراہم کیا گیا۔
Live پی ایس ایل 10 سے متعلق تازہ ترین معلومات