ٹیلی سکول اپیلی کیشن معیاری تعلیم کی سمت اہم پیشرفت ہے، وفاقی سیکرٹری تعلیم وسیم اجمل کی ٹیلی سکول پاکستان اپیلی کیشن کے افتتاح کے موقع پر بریفنگ

منگل 21 مارچ 2023 20:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2023ء) وفاقی سیکرٹری تعلیم وسیم اجمل نے کہا ہے کہ ٹیلی سکول اپیلی کیشن معیاری تعلیم کی سمت ایک اہم پیشرفت ہے، اس سے تعلیمی اداروں سے باہر بچوں کو تعلیم کی سہولت میسر آ سکے گی۔ منگل کو وزیراعظم ہائوس میں ٹیلی سکول پاکستان اپیلی کیشن کے افتتاح کے موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی سیکرٹری تعلیم وسیم اجمل نے بتایا کہ اس کام میں ہمیں ورلڈ بینک اور گوگل انٹرنیشنل سمیت دیگر پارٹنرز کا بھی تعاون حاصل ہے اور انہوں نے ہمیں سنٹر آف ایکسی لینس کا تحفہ دیا ہے، ہم نے 150 کروم بکس تقسیم کی ہیں، ورلڈ بینک کے تعاون سے ہم مزید 6 ہزار کروم بکس پورے پاکستان میں تقسیم کریں گے، یہ معیاری تعلیم ہر ایک کیلئے سمت کے تعین میں ایک اہم پیشرفت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پہلے نصاب کو ڈیجیٹل کنٹینٹ میں تبدیل کیا، اس اپیلی کیشن کا مقصد سکول نہ جانے والے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔ سیکرٹری تعلیم کی جانب سے شرکاء کو بتایا گیا کہ اس ایپ کے تحت 6 چینلز دستیاب ہوں گے، ان میں پہلی سے پانچویں جماعت کیلئے چینل کا نام نونہال ٹیلی سکول، چھٹی سے آٹھویں جماعت کیلئے ہونہار ٹیلی سکول، نویں سے دسویں جماعت کیلئے نوجوان ٹیلی سکول جبکہ پہلی سے آٹھویں جماعت کیلئے جلد سیکھو ٹیلی سکول اور گیارہویں سے بارہویں جماعت کیلئے نوجوان ٹیلی سکول اور نویں سے بارہویں جماعت کیلئے بھی جلد سیکھو ٹیلی سکول پر تمام مضامین کے ویڈیو لیکچرز دستیاب ہوں گے۔

اس سلسلے میں ٹیلی سکول تعلیم گھر گھر کے نام سے ایپ بنائی گئی ہے جسے ڈائون لوڈ کرکے اکائونٹ بنا کر پڑھائی شروع کی جا سکتی ہے۔