قومی اسمبلی کی 3 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات ، ایپلٹ ٹریبونل قائم

منگل 21 مارچ 2023 22:58

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2023ء) خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کے 3 حلقوں پر 30 اپریل 2023 کو ہونیوالے ضمنی انتخابات کے لئے ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کے لئے ایپلٹ ٹریبونل قائم کردیا گیا ہے۔ یہ ٹریبونل پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس اعجاز انور پر مشتمل ہے۔

جس کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ ان حلقوں میں این اے 22 مردان ، این اے 24 چارسدہ اور این اے 31 پشاور شامل ہیں۔

(جاری ہے)

شیڈول کے مطابق بدھ 22 مارچ تک ان کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کی جائیگی۔ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 27 مارچ تک ایپلیٹ ٹریبونل کے پاس جمع کرائی جاسکیں گی،اپیلوں پر فیصلہ 3 اپریل تک کیا جائیگا۔ 4 اپریل کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائیگی۔ 5 اپریل تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جاسکیں گے۔ 6 اپریل 2023 کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری اور انہیں انتخابی نشانات الاٹ کئے جائینگے جبکہ پولنگ 30 اپریل 2023 کو ہوگی۔