وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج پر عملدرآمدکا آغاز کر دیا

حکومت کی اولین ترجیح عوام کو مہنگائی سے بچانا اور ان کی گھر کی دہلیز پر سہولتیں پہنچانا ہے،وفاقی وزیر

منگل 21 مارچ 2023 23:10

وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج پر عملدرآمدکا آغاز کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2023ء) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود نے کہا ہے کہ 5ارب روپے کی لاگت سے وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج پر عملدرآمدکا آغازہوگیا ہے،حکومت مشکل حالات کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے،شخصیات کی بجائے پالیسی سازی پر توجہ دے رہے ہیں۔ وہ منگل کو یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان ریلیف پیکیج کے حوالے سے بریفنگ دے رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر بی آئی ایس پی صارفین کیلئے آٹافی کلو 40 روپے میں دستیاب ہوگا،دال چنا پر 20 روپے،دال مسور پر 20 اور باسمتی چاول پر 20 روپے کی سبسڈی ہوگی،یوٹیلیٹی اسٹورز پر دستیاب گھی پر 215 روپے سبسڈی ہوگی،دودھ پر 30 روپے سبسڈی اور مصالحہ جات پر 10 فیصد کی سبسڈی ہوگی،بی آئی ایس پی صارفین کو10 کلوا?ٹے کا تھیلا 400 روپے میں ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی اولین ترجیح عوام کو دشواری اور مہنگائی سے بچانا اور ان کوگھر کی دہلیز پر سہولتیں پہنچانا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے جس کیلئے حکومت 5ارب کی سبسڈی فراہم کرے گی جس پر عمل درآمدشروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پہلے ہی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ذریعے عوام کو 5بنیادی اشیاء خوردونوش رعایتی نرخوں پر فراہم کررہی ہیں،عوامی سہولت کے اس تسلسل کو بر قرار رکھنے کیلئے وزیر اعظم نے ریلیف پیکیج کا دائرہ کار رمضان المبارک کی وجہ سے مزید بڑھا دیا ہے جو عید الفطر تک جاری رہے گا جس سے سبسڈائزڈ اشیاء کی تعداد 19ہو جائے گی جس میں آٹا، گھی، چینی، کوکنگ آئل،چائے، کھجور، بیسن، دال ماش، دال مونگ، دودھ، مشروبات، مصالحہ جات وغیرہ شامل ہیں۔

وفاقی حکومت کے اس اقدام سے عوام کو ضروریات زندگی کی معیاری اشیاء مزید کم نرخوں پر دستیاب ہونگی۔اس پیکیج کے تحت رمضان کے پورے مہینے سستی اشیاء خوردنوش دستیاب ہوگی۔ سبسڈی کے حصول کے طریقہ کار کو مزید آسان اور شفاف بنانے کیلئے اس کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹارگٹڈ سبسڈی اور جنرل سبسڈی ،ٹارگٹڈ سبسڈی صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی ) کے تحت رجسٹرڈ صارفین کیلئے ہوگی جبکہ جنرل سبسڈی سے پورے ملک کے عوام مستفید ہو سکیں گے، ٹارگٹڈ سبسڈی کے صارفین کو آٹا 10کلو بیگ 400روپے، چینی 70روپے فی کلو اور گھی 300روپے فی کلو میں فراہم کیا جائے گاجبکہ جنرل سبسڈی میں آٹے کا 10 کلو تھیلہ 648روپے، چینی 91روپے فی کلو اورگھی فی کلو 490روپے میں دستیاب ہو گا جبکہ سفید چنے پرفی کلو20روپے، سپر باسمتی چاول 20روپے فی کلو، سیلہ چاول 20روپے فی کلو، ٹوٹا چاول 20روپے فی کلو, بیسن پر 50روپے فی کلو، چائے پر 100روپے فی کلو، ، کھجور پر 50روپے فی کلو، دودھ پر 30روپے فی لیٹر،مشروبات پر 30روپے فی بوتل سبسڈی دی جائیگی اور مصالحہ جات پر بھی 10فیصد تک رعایت دی جائیگی۔

واضح رہے کہ آٹا، چینی اور گھی کے علاوہ باقی سبسڈائزڈ اشیاء جنرل اور ٹارگٹڈ سبسڈی کے دونوں صارفین کیلئے یکساں ریٹ پر مہیا کیے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد کے شہریوں کیلئے مفت آٹا پیکیج کا بھی اجراء کیا ہے جو یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن اسلام آباد ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے ساتھ ملکر اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں قائم کئے گئے ڈسٹری بیوشن پوائنٹس اور یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے تقسیم کر رہی ہے،مفت آٹے کا یہ تحفہ اٴْن غریب اور مستحق گھرانوں میں تقسیم کیا جارہا ہے جو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی )کے تحت رجسٹرڈ ہیں۔

ہر رجسٹرڈ گھرانے کوپہلی مرتبہ 10کلو کا ایک تھیلا تحفے میں ملے گااور بقایا دو تھیلے 7دن بعد ملیں گے،رمضان کے پورے مہینے کے دوران ہر رجسٹرڈ گھرانے کو 3آٹے کے تھیلے (10کلو فی تھیلا ) مفت فراہم کئے جائیں گے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے اپنے رجسٹرڈ گھرانوں کو پہلے سے ہی بذریعہ ایس ایم ایس مطلع کر دیا ہے۔ رجسٹرڈ گھرانوں کو مفت آٹے کا تھیلا حاصل کرنے کیلئے او ٹی پی کی ضرورت نہیں صرف اصل قومی شناختی کارڈ دکھانا ہوگا۔

اس پیکیج کیلئے اپنی اہلیت جانچنے کیلئے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 8171پرSMSکریں یا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفاتر سے رجوع کریں۔یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر اور ملازمین اس پیکیج کو کامیاب بنانے کیلئے انتھک محنت کر رہے ہیں ملک بھر کے تمام سٹورز پر سامان وافر مقدار میں دستیاب ہے انشاء اللہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

پیکیج کو مانیٹرکرنے کیلئے مختلف ویجیلنس ٹیمیں تشکیل دی جاچکی ہیں اور کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے، وفاقی حکومت بھی عوام کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے اور انکی سہولیات میں اضافہ کیلئے اس پیکیج کو مانیٹر کرے گی۔ شکایات کی صورت میں یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے کمپلینٹ سیل کے نمبرز 05590-0800 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔