تحریک آزادی کشمیر ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر ہائر ایجوکیشن آزاد کشمیر ملک ظفر اقبال

منگل 21 مارچ 2023 22:10

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2023ء) حکومت آزاد کشمیر کے وزیر ہائر ایجوکیشن ملک ظفر اقبال نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور موجودہ حکومت نے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کی سربراہی میں تحریک آزادی کشمیر کے لیے دیگر اہم اقدامات کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر لبریشن سیل/کمیشن کے ادارے کو اس کے حقیقی مقاصد سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پہلی مرتبہ اہم اور دورس اثرات کے حامل اقدامات کیے ہیں او ر اس قومی ادارے کو سیاسی مداخلت اور سیاسی و صوابدیدی تعیناتیوں اور تقرریوں سے پاک کرنے اور اس کے وسائل کو اس کے اصل اہداف اور مقاصد کیلئے بروئے کار لانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔

وہ منگل کے روز یہاں گورنمنٹ گرلزپوسٹ گریجویٹ کالج میں جموں و کشمیر لبریشن کمیشن کے زیر اہتمام آزاد کشمیر بھر کے تمام اضلاح کے کالجز کے طلبا اور طالبات کے درمیان مسئلہ کشمیرکے پس منظر اور کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہی مہم کے سلسلے میں تقریری مقابلے کی ایک اہم تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس تقریب کے مہمان خصوصی وزیر ہائر ایجوکیشن کے علاوہ جموں و کشمیر لبریشن کمیشن کے سیکرٹری/کشمیر کاز ، آرٹس اینڈ لینگویجز اعجاز حسین لون، ڈائریکٹر تقریبات راجہ محمد اسلم خان، ڈائریکٹر انتظامیہ و کپیری راجہ محمد سجاد خان، میڈیا کو آرڈینیٹر سردار علی شان ، ڈی پی آئی کالجز خواجہ عبد الرحمن ،ڈائریکٹر احتساب بیورہ سید سلیم گردیزی، پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج، حریت راہنما عزیر غزالی اور جموں و کشمیر لبریشن کمیشن، محکمہ تعلیم کالجز کے دیگر آفیسران و اہلکاران اور آزاد کشمیر بھر کے طلبا اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ہائر ایجوکیشن نے کہا کہ 1985 میں سردار سکندر حیات خان اور سردار عبد القیوم خان کے دور حکومت میں جموں و کشمیر لبریشن سیل کے ادارے کا قیام عمل میں لا کر اس ادارے کو کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کے لیے جو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں تھیں اب تک اس ادارے نے اس مقصدکے لیے بہت زیادہ اور اہم ترین کام کیا ہے جس پر اس کے تمام آفیسران اور اہلکاران کو وہ اپنی اور حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے مبارکباد پیش کرتےہیں اور انہوں نے آزاد کشمیر بھر میں اب تک کشمیر کاز کے لیے دیگر اہم تقریبات کے انعقاد کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کے تما م کالجز کے طلبا اور طالبات کو کشمیر کاز کے اصل اور بنیادی حقائق اور مستقبل کے تقاضوں سے آگاہ کرنے کے لیے جتنے پروگرامز اور تقریبات منعقد کی ہیں اس کے مثبت اہداف حاصل ہورہے ہیں اور ہر سال اس ادارے کی طرف سے اسطرح کے پروگراموں کا انعقاد بہت قابل ستائش ہے ،آج کی ایک بہترین اور معیاری تقریب کے انعقاد پر میں جموں وکشمیر لبریشن سیل/کمیشن کے تمام آفیسران اور اہلکاران کی خصوصی طور پر دل سے ستائش کرتا ہوں اور اس کے انتظامات کرنے پر اس ادارے کے ساتھ ساتھ پوسٹ گریجویٹ کالج مظفرآباد کی پرنسپل اور ان کے دیگر سٹاف اور ڈی پی آئی کالجز کے مثبت تعاون اور کردار کو بھی سراہتا ہوں۔

انہوں نے اس موقع پر بار بار کشمیر لبریشن سیل /کمیشن کے رول کا بہت مثبت انداز سے ذکر کیا اور پوسٹ گریجویٹ کالج کو بہتر منظم کرنے پرادارہ کی سربراہ اور ان کے سٹاف کی بھی ستائش کی ۔ انہوں نے اپنی تقریر میں طلبا اور طالبات کے تقریری مقابلے میں اچھی کارکردگی کے مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات کو بھی بار بار شاباش دی او کہا کہ اس سے قبل زیادہ مقابلے طالبات نے جیتے ہیں اور ایک ہماری بچی نے آج بھی اچھی پوزیشن حاصل کی۔

اس موقع پر وزیر حکومت نے تقریری مقابلے میں پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والے دو طالبعلموں اور ایک طالبہ کو جن میں ردا سید جن کا تعلق ماڈل سائنس کالج باغ سے تھا ،رضوان اختر جن کا تعلق اٹھمقام(وادی نیلم) کے ایک پرائیویٹ کالج سے تھا اور صیام آصف جن کا تعلق پوسٹ گریجویٹ کالج میرپور سے تھا کو بالترتیب پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر خصوصی انعامات دینے کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع اور کالجر کے طلبا و طالبات جن میں عدیلہ حافظ اعجاز ، فہیم نواز، حمیرا صغیر ،سمیعہ ذوالفقار، عدینہ غلام، لائبہ اور مہک فاطمہ شامل تھیں ،کو تقریری مقابلے میں اچھی کارکردگی دکھانے پر خصوصی تعریفی اسناد /شیلڈز بھی دیں جبکہ وزیر حکومت نے اس موقع پر اچھی کارکردگی کے حامل جموں وکشمیر لبریشن سیل، محکمہ ہائر ایجوکیشن اور پوسٹ گریجویٹ کالج کے آفیسران جن میں ڈی پی آئی، ڈائریکٹرز، پرنسپل اور دیگر آفیسران شامل تھے ،کو بھی خصوصی طور پر تعریفی شیلڈز دیں اور ان کی متحسن کارکردگی پر ان کو الگ الگ مبارکباد بھی دی۔

سیکرٹری کشمیر کاز ، ڈائریکٹر انتظامیہ و تقریبات،چیف جج کے فرائض انجام دینے والے سید سلیم گردیزی، میڈیا کو آرڈینیٹر اور دیگر آفیسران جموں و کشمیر لبریشن سیل/کمیشن اور محکمہ تعلیم کالجز مظفرآباد اور پوسٹ گریجویٹ کالجز بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس سے قبل تقریری مقابلے کی تقریب سے سیکرٹری کشمیر کاز اعجاز حسین لون ، ڈائریکٹر تقریبات راجہ محمد اسلم خان، ڈائریکٹر کیپری/انتظامیہ راجہ محمد سجاد خان، ڈی پی آئی خواجہ عبدالرحمن، پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج سمیت دیگر مقررین نے اہم خطاب کرتے ہوئے کشمیر کی صورتحال کے سلسلے میں کشمیر لبریشن سیل کے اہم رول اور تقریری مقابلوں کے انعقاد کے اغراض مقاصد کی اہم تفصیلات بھی بیان کیں ۔

اس تقریب کے لیے سٹیج سیکرٹری کے فرائض جموں و کشمیر لبریشن سیل کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر تقریبات میڈم شائستہ افتخار نے انجام دئیے۔