اسرائیلی جیلوں میں قید2 ہزار فلسطینیوں کا جمعرات سے بھوک ہڑتال شروع کرنے کا اعلان

بدھ 22 مارچ 2023 10:50

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2023ء) اسرائیلی جیلوں میں قید2 ہزار فلسطینی کل (جمعرات کو )بھوک ہڑتال شروع کریں گے۔ سعودی خبر رساں ادارےنے اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کے نمائندوں کےحوالے سے بتایا کہ جیل حکام کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد تقریباً 2,000 فلسطینی قیدی جمعرات سے بھوک ہڑتال شروع کریں گے۔

زیر حراست افراد کے نمائندوں نے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے حقوق اور وقار کو پامال کرنے اور اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر ایتامار بن یویر اور وزیرِ خزانہ بزلئیل سموٹریچ کے اقدامات کے خلاف ہم نےکھلی ہڑتال شروع کرنے کا فیصلہ کیا جس کی نمائندگی تحریک کی سپریم نیشنل ایمرجنسی کمیٹی کرے گی۔درایں اثنا فلسطینی کلب برائے اسیران کے سربراہ قدورہ فارس نے وضاحت کی کہ ہڑتال روکنے کی بات کی جائے تو ہم یہ واضح کررہے ہیں کہ قیدیوں کے خلاف اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر ایتامار بن یویرکے اقدامات کو روکا جائے جو بظاہر سادہ لگتے ہیں لیکن وہ انتقامی اور نسل پرستانہ کارروائیاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نےکہا کہ اسرائیلی جیلوں کے اندر قیدیوں کی تحریک جیلروں کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہے اور وہ سرائیل کے قومی سلامتی کے وزیراور اس انتہائی دائیں بازو کی اسرائیلی حکومت کے دیگر ارکان کو قیدیوں اور ان کے حقوق کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے گی۔ واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر ایتامار بن یویرکی وزارت جیلوں اور حراستی مراکز کی بھی ذمہ دار ہے، ملک کی دو درجن جیلوں میں 170 بچے اور 29 خواتین سمیت تقریباً 4,800 فلسطینی شہری پابند سلاسل ہیں۔