صدربائیڈن کا کینیڈا کا پہلا دورہ،جسٹن ٹروڈو کے ساتھ متعدد اہم موضوعات پر تبادلہ خیال ہوگا

جمعہ 24 مارچ 2023 16:27

صدربائیڈن کا کینیڈا کا پہلا دورہ،جسٹن ٹروڈو کے ساتھ متعدد اہم موضوعات ..
اوٹاوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2023ء) امریکا کے صدر جو بائیڈن کینیڈا کے اپنے پہلے صدارتی دورے میں وزیر اعظم ٹروڈو کے ساتھ متعدد اہم موضوعات پر گفتگو کریں گے ان میں قومی سلامتی کے خدشات، آب وہوا کی تبدیلی ، تجارت ، مائیگریشن ، یوکرین میں تنازعہ اور ہیٹی میں بد امنی کے موضوعات شامل ہیں ۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکا میں قومی سلامتی کونسل میں سٹریٹجک کمیو نی کیشنز کے کوآرڈی نیٹر جان کربی نے میڈیا کو بتایا کہ صدربائیڈن کینیڈا کے دارالحکومت کے اپنے پہلے دورے میں وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات کریں گے اور پارلیمنٹ سے خطاب کرنے کے علاوہ دفاع کے اخراجات میں اضافے ، شفاف توانائی کے لیے عالمی مسابقت ، اور خوشحالی اور جامع معیشتوں کے لیے ٹھوس اقدامات پر گفتگو کریں گے ۔

(جاری ہے)

کینیڈا کے ایک سابق سفارت کار اور کینیڈین گلوبل افئیرز انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ کولن رابرٹسن نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ بائیڈن سیکیورٹی میں تعاون پر زور دیں گے ۔کینیڈا کے لیے ایک سابق امریکی سفیر گورڈن گیفین نے کہا کہ اب تک گفتگو کے لیے جو موضوعات بتائے گئے ہیں ان کی بنیاد پر میں سمجھتا ہوں کہ بائیڈن کا دورہ دو دن کا نہیں بلکہ تین ہفتوں کاہونا چاہیئے تھا ۔

تجزیہ کار کہتے ہیں کہ ان موضوعات کی حساسیت واشنگٹن اور اوٹاوا کے درمیان قریبی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے لیکن دونوں ملکوں کے درمیان دنیا کی طویل ترین سرحد واقع ہونے کے باوجود ان کے تعلقات خاصے غیر متوازن ہیں ۔وڈ رو ولسن کے پبلک پالیسی کے ایک ماہر اور افغانستان ، ارجنٹائن اور میکسیکو کے لیے امریکہ کے سابق سفیر ائرل انتھونی وائن کہتے ہیں کہ یہ ایک ایسا تعلق ہے جسے اتنی توجہ اوراحترام نہیں ملا جتنی کہ وہ مستحق ہے بائیڈن اپنی مدت صدارت کا نصف سے بھی زیادہ عرصہ گزرنے کے بعد اب اوٹاوا کا دورہ کر رہے ہیں۔