گورنر پنجاب سے پاکستان میں ٹی بی پر قابو پانے کیلئے انتھک کوششیں کرنیوالے ہیلتھ پروفیشنلز کے وفد کی ملاقات

جمعہ 24 مارچ 2023 19:30

گورنر پنجاب سے پاکستان میں ٹی بی پر قابو پانے کیلئے انتھک کوششیں کرنیوالے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2023ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں ورلڈ ٹی بی کے موقع پر پاکستان میں ٹی بی پر قابو پانے کے لیے ان تھک کوششیں کرنے والے ہیلتھ پروفیشنلز کے وفد نے ملاقات کی ۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ٹی بی سے پاک پاکستان کے حصول کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال 24 مارچ کو پوری دنیا میں ٹی بی کو عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ٹی بی کے عالمی دن کا مقصددنیا بھر میں ٹی بی کے اثرات کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 2035ء تک ٹی بی کی وبا سے پاک ہونے کے عالمی ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ابھی بہت پیچھے ہے اور اسے حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ بطور چانسلر ہیلتھ یونیورسٹیوں کو ہدایات دیں ہیں کہ فیملی میڈیسن کے شعبے پر بھر پور طریقے سے کام کیا جائے۔اُنہوںنے ملک میں ٹی بی کے خاتمے کے لیے پنجاب حکومت کے ٹی بی کنٹرول پروگرام، پاکستان لائنز یوتھ کونسل کی کاوشوں کو سراہا۔ گورنر پنجاب نے اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی کہ اس مقصد کے لیے وہ ہر ممکن تعاون کریں گے۔

ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز پنجاب، ڈاکٹر ید اللہ نے کہا کہ ٹی بی کنٹرول پروگرام کے تحت پورے پنجاب میں ڈی ایچ کیوز، ٹی ایچ کیوز اور رورل ہیلتھ سینٹرز میں کلینکس موجود ہیں جہاں ٹی بی کے مریضوں کو مفت علاج اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پی ایل وائی سی ڈاکٹر عبید اللہ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر یداللہ علی ، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر مشتاق سلہریا اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان لائنز یوتھ کونسل ڈاکٹر قیصر جاوید، پرنسپل نشتر میڈیکل کالج ملتان، ڈاکٹر راشد قمر راو سمیت دیگر موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب نے ٹی بی پر قابو پانے کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دینے والے ہیلتھ پروفیشنلز میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔