zسپریم کورٹ :عدالتی ہفتہ کیلئے ایک سپیشل اور6 ریگولر بنچ تشکیل

ہفتہ 25 مارچ 2023 18:05

:اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2023ء) چیف جسٹس آف پاکستان نے آمدہ عدالتی ہفتہ میں مختلف اہم اور عام نوعیت کے مقدمات کی سماعت کیلئے 1 سپیشل اور 6 ریگولر بینچ تشکیل دیئے ہیں۔عدالت عظمی کی طرف سے جاری کاز لسٹ کے مطابق بروز سوموار 27 مارچ کو سپریم کورٹ میں روز مرہ سول سروس فوجداری کیسز کی سماعت ہو گی۔ منگل 28 مارچ کو چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نیب کی سابق صوبائی وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کی ضمانت منسوخی سے متعلق درخواست کی سماعت کرے گا۔

منگل کو ہی جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ انسداد دہشتگری ایکٹ 1997 کے تحت سزاؤں کے خلاف دائر مختلف اپیلوں پر سماعت کرے گا۔بدھ 29 مارچ کو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ ہزارہ کمیونٹی کوئیٹہ ٹارگٹ کلنگ از خود نوٹس کیس کی سماعت کرے گا۔

(جاری ہے)

بدھ کو ہی جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سول ایوی ایشن اتھارٹی ماڈل سکول حیدرآباد کے ملازمین کیساتھ امتیازی سلوک روا رکھنے کے خلاف لیے جانے والے از خود نوٹس کیس کی سماعت کرے گا۔

جمعرات 30 مارچ کو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ حیدرآباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی ملازمین سروس مستقلی کیس کی سماعت کرے گا۔جمعہ 31 مارچ کو بھی سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ پر روز مرہ سول سروس فوجداری بینکنگ فیملی اور دیگر نوعیت کے کیسز کی سماعت ہو گی۔