ٹھٹھہ صادق آباد، بینک آفیسر کواپنے والدین کی قبر پر فاتحہ خوانی کے دوران قتل کردیا گیا

ہفتہ 25 مارچ 2023 20:22

ٹھٹھہ صادق آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2023ء) نواحی گائوں 141دس میں ورلڈ بینک کے آفیسر کو اپنے والدین کی قبر پر فاتحہ خوانی کرتے ہوئے دو ملزمان نے خنجر سے حملہ کر کے قتل کردیا،بچانے آنے والے شخص کو بھی زخمی کردیا۔

(جاری ہے)

تفصیل کے مطابق سابق یو نین ناظم وقار الحق مٹھو گل کے چھوٹے بھائی نصرت طفیل گل جو ورلڈ بینک میں آفیسر ہیں اپنے آبائی علاقہ تحصیل جہانیاں کے تھانہ ٹھٹھہ صادق آباد کی حدود میں واقع چک نمبر141دس آر میں اپنے والدین کی قبر پر فاتحہ خوانی کررہے تھے کہ مسلح افراد نے خنجر سے حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کر دیا جبکہ انہیں بچانے آنے والا خالد نامی شخص بھی زخمی ہوگیا ،دونوں زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال جہانیاں منتقل کیا گیا جہاں نصرت طفیل گل مہلک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔

مقتول نصرت طفیل گل ورلڈ بینک میں آفیسر تھے۔پولیس تھانہ ٹھٹھہ صادق آباد نے لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی۔ذرائع کے مطابق ملزمان نے کار قبرستان میں کھڑی کرنے کی رنجش میں حملہ کیاتاہم پولیس حقائق کی چھان بین کررہی ہے ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔