شرجیل انعام میمن کا انفارمیشن کال سینٹر کے قیام کا اعلان

ہفتہ 25 مارچ 2023 22:34

شرجیل انعام میمن کا انفارمیشن کال سینٹر کے قیام کا اعلان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2023ء) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے انفارمیشن کال سینٹر کے قیام کا اعلان کردیا ، یہ اعلان انہوں نے محکمہ اطلاعات کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ اطلاعات کے تحت انفارمیشن کال سینٹر قائم کیا جائے گا ، سندھ حکومت کے تمام محکموں کو انفارمیشن کال سینٹر سے منسلک کیا جائے گا ،کال سینٹر سندھ حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات سے متعلق بروقت اور مستند اطلاعات فراہم کرے گا اور فیک نیوز اور حکومت کے خلاف جعلی پروپیگنڈہ کو بھی کاؤنٹر کرے گا ،صوبائی وزیر نے سیکریٹری اطلاعات کو انفارمیشن کال سینٹر کی فوری طور پر پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

اجلاس میں محکمہ اطلاعات کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ محکمہ کی کارکردگی کو بہتر کیا جائے ، سندھ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کی پراپر پبلسٹی یقینی بنائی جائے ، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ہر شعبہ میں بہترین کام کیا ہے ، یہ محکمہ اطلاعات کی ذمہ داری ہے کہ اس کی عوام کو آگاہی فراہم کرے ، شرجیل انعام میمن نے سیکریٹری اطلاعات کو ہدایت دی کہ پالیسی گائیڈ لائن دے دی ہے ، مجھے نتائج چاہیے ،انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ونگ پر توجہ مرکوز کی جائے اور اس کی کارکردگی کو مزید بہتر کیا جائے ، اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان م?من، ڈائریکٹر ایڈمن محمد یوسف کابورو، ڈائریکٹر پبلیکیشن منصور راجپوت، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ امتیاز جویو ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ سارنگ چانڈیو و دیگر نے شرکت کی۔

#