پاکستان چھوڑنے کی خواہش رکھنے والے نوجوانوں میں غیرمعمولی اضافہ

روزانہ بڑی تعداد میں نوجوان پاسپورٹ کے حصول کے لئے درخواستیں جمع کرارہے ہیں‘ 2022ء میں 7 لاکھ 65 ہزار لوگ پاکستان چھوڑ کر دیگر ممالک میں چلے گئے۔ رپورٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 26 مارچ 2023 12:49

پاکستان چھوڑنے کی خواہش رکھنے والے نوجوانوں میں غیرمعمولی اضافہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 مارچ 2023ء ) ملکی حالات کے پیش نظر پاکستان چھوڑنے کی خواہش رکھنے والے نوجوانوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوگیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (PIDE) کی رپورٹ میں پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ نے ایک خطرناک رجحان کے بارے میں بتایا ہے کہ گزشتہ سال سے نیا پاسپورٹ بنوانے والوں کی تعداد بڑھ کر 30 ہزار روزانہ تک پہنچ گئی ہے، ڈائریکٹوریٹ پہلے پاکستان اور بیرون ممالک میں روزانہ کم و بیش 20 ہزار پاسپورٹ بناتا تھا لیکن اب روزانہ بڑی تعداد میں پاکستانی پاسپورٹ کے حصول کے لئے درخواستیں جمع کرارہے ہیں، پاسپورٹ بنوانے والوں میں زیادہ تر نوجوان ہیں۔

اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ 2022ء میں صرف ایک سال میں 7 لاکھ 65 ہزار لوگ پاکستان چھوڑ کر دیگر ممالک چلے گئے، ان میں ڈاکٹرز، انجینئرز اور آئی ٹی ماہرین کی بہت بڑی تعداد شامل تھی جب کہ 2021ء میں پاکستان چھوڑنے والوں کی تعداد 2 لاکھ 25 ہزار تھی، 2020ء میں امیگرینٹس کی تعداد 2 لاکھ 88 ہزار تھی، 2019ء میں سوا 6 لاکھ پاکستانی بیرون ملک گئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح 2018ء میں 3 لاکھ 82 ہزار، 2017ء میں 4 لاکھ 96 ہزار، 2016ء میں 8 لاکھ 39ہزار، 2015ء میں 9 لاکھ 46 ہزار، 2014ء میں 7 لاکھ 52 ہزار، 2013ء میں 6 لاکھ 22 ہزار، 2012ء میں 6 لاکھ 38ہزار، 2011ء میں 4 لاکھ 56ہزار اور 2010ء میں 3 لاکھ 62 ہزار پاکستانی روزگار کے لیے بیرون ملک روانہ ہوئے۔

بیورو آف امیگریشن کے ایک افسر نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ خراب ملکی معیشت اور سیاسی عدم استحکام پاکستان کی ورک فورس پر اثرانداز ہو رہی ہے، لاکھوں نوجوان مہنگائی، بے روزگاری اور غیر یقینی معاشی و سیاسی صورت حال کے سبب فکرمند ہوکر بیرون ملک روزگار کی تلاش میں نکل جاتے ہیں، پاکستان چھوڑ کر بیرون ملک جانے والوں کی زیادہ تر تعداد مشرق وسطیٰ کے ممالک خاص طور پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات منتقل ہوئی تاہم یورپ کا رخ کرنے والے پاکستانیوں میں زیادہ تر رومانیہ چلے گئے۔