حالیہ بارشوں اورژالہ باری کیوجہ سے لیہ میں 16ہزارایکڑ گندم کو جزوی نقصان پہنچا،سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب

اتوار 26 مارچ 2023 16:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2023ء) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور ژالہ باری کیوجہ سے ضلع لیہ میں 16ہزارایکڑزمین پرکھڑی گندم کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے اتوار کوحالیہ بارشوں،آندھی اور ژالہ باری کا گندم سمیت مختلف فصلات و سبزیات پر اثرات کا جائزہ لینے کیلئے ضلع لیہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ثاقب علی عطیل نے کہا کہ رواں سال ضلع لیہ میں 6لاکھ71ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی فصل کاشت کی گئی ہے،حالیہ بارشوں اور ژالہ باری کی وجہ سے 16ہزار ایکڑ رقبہ پر کھڑی گندم کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی فصل اس وقت برداشت کے اہم مرحلہ میں داخل ہوچکی ہے لہٰذا فیلڈ فارمیشنزکاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہیں۔

(جاری ہے)

اس دوران انہوں نے فیلڈ فارمیشنز کوبارشوں کی وجہ سے فصلوں کوپہنچنے والے ممکنہ نقصان کا سروے مکمل کرکے جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کپاس سمیت خریف کی دیگر فصلوں کی بوائی اور جنوبی پنجاب میں آم کے باغات نگہداشت کے اہم ترین مرحلہ میں داخل ہوچکے ہیں،فیلڈ فارمیشنز کو ان حالات میں زیادہ محنت اور جانفشانی سے کام کرنے کی ضرورت ہے،ان امور کو پایہ تکمیل تک پہنچانے اورمقررکردہ اہداف کے حصول کیلئے محکمہ زراعت کی مرتب کردہ حکمت عملی پر من وعن عملدرآمد کیا جائے۔

سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے کہا کہ آم کے باغات پر پھپھوندی سمیت دیگر بیماریوں کا حملہ ہوسکتا ہے،لہٰذا اس سلسلہ میں بھی باغبانوں کو مکمل رہنمائی فراہم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگاکر آنے والی نسلوں کوان موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصان سے بچایا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :