Live Updates

’عمران نیازی ہمیشہ سے جملے بازی کے ماہر ہیں‘ وزیراعظم کی چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید

معاشی اور سیاسی چیلنجز عمران خان کی ناکام پالیسیوں کا شاخسانہ ہے۔ شہباز شریف کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 26 مارچ 2023 16:40

’عمران نیازی ہمیشہ سے جملے بازی کے ماہر ہیں‘ وزیراعظم کی چیئرمین پی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 مارچ 2023ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی ہمیشہ سے جملے بازی کے ماہر ہیں، معاشی اور سیاسی چیلنجز عمران خان کی ناکام پالیسیوں کا شاخسانہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران نیازی ہمیشہ سے شوشا، دکھاوے اور لوگوں کے جذبات کو ابھارنے کے لیے جملے بازی کے ماہر رہے ہیں، قوم عمران خان سے ان کے دور اقتدار میں وفاق اور صوبائی سطح پر بدترین کارکردگی پر سوال کرنے پر حق بجانب ہے کیوں کہ آج کے سیاسی، گورننس اور معاشی چیلنجز کی جڑیں عمران خان کے دور اقتدار کی ناکام پالیسیوں تک جاتی ہیں۔

گزشتہ شب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا مینار پاکستان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ نے طے کیا ہوا ہے کہ عمران خان کو نہیں آنے دینا لیکن جب قوم فیصلہ کرلے تو پھر کوئی طاقت اُسے نہیں روک سکتی، بڑی رکاوٹوں کے بعد مینار پاکستان پہنچنے پر عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، ہماری حکومت کو سازش کے تحت گرا کر جرائم پیشہ افراد کو ملک پر مسلط کیا گیا، سازش کے تحت ملک کو دلدل میں پھنسایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج پیغام جانا چاہیے لوگوں کا جنون طاقت سے نہیں روکا جاسکتا، اللہ دلوں میں سوچ ڈال دے تو پھر کوئی طاقت انہیں روک نہیں سکتی، کئی ممالک میں وقت گزار کر دیکھا کہ عوام ناانصافی کیخلاف کھڑے ہوجاتے ہیں، میں نے اپنی قوم کو ہر ظلم برداشت کرتے دیکھا، جو قوم ظلم کے خلاف کھڑی نہیں ہوتی وہ غلام بن جاتی ہے اور غلام صرف اچھے غلام ہوتے ہیں اور اُن کی زندگی ذلت والی ہوتی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جب خوف کا بت ٹوٹ جائے تو حقیقی آزادی مل جاتی ہے اور اُن قوموں کو آزادی ملتی ہے جن معاشروں میں قانون کی حکمرانی ہوتی ہے، انصاف کا مطلب امیر اور غریب کیلیے ایک ہی قانون کا ہونا ہے، جو معاشرہ کمزور کو طاقتور کیخلاف انصاف دیتا ہے وہ ترقی کرتا ہے لیکن پاکستان میں قانون کی حکمرانی نہیں اس لیے یہاں جنگل کا قانون ہے، طاقتور چاہیے جو کچھ بھی کرے قانون اُس کے آگے بے بس ہے، جس ملک میں غریب کے مقابلے میں صرف امیر لوگوں کو انصاف ملے اُسے بنانا ریپبلک کہتے ہیں، ہمارے یہاں بدقسمتی سے غریب آدمی تھانہ کچہری میں ٹھوکریں کھاتا ہے جبکہ یورپ میں تھانہ کچہری کا کوئی تصور نہیں ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات