قومی ایئر لائن میں خواتین میزبانوں کو ہراساں کرنے کے واقعات سامنے آگئے، تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل

اتوار 26 مارچ 2023 20:15

قومی ایئر لائن میں خواتین میزبانوں کو ہراساں کرنے کے واقعات سامنے آگئے، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2023ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی گرومنگ منیجر کی جانب سے دوران پرواز میزبانوں کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔خاتون افسر کی جانب سے ایئر ہوسٹس کو مبینہ ہراساں کرنے کا واقعہ کراچی سے ٹورنٹو کی پرواز پر پیش آیا، متاثرہ خاتون میزبان نے خاتون افسر پر 4 سنگین الزامات پر مبنی ای میل متعلقہ شعبے کو ارسال کر دی۔

واقعہ کی تحقیقات کیلئے ڈی جی ایم سکیورٹی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی، دیگر ممبران میں خاتون اسسٹنٹ مینیجر، انچارج ایس ای سی جناح انٹرنیشنل شامل ہیں، تحقیقاتی کمیٹی نے مبینہ ہراساں کرنے میں ملوث منیجر گرومنگ خاتون افسر کو 27 مارچ کو طلب کر لیا۔شکایتی ای میل میں میزبان افق شاہ نے لکھا ہے کہ میمونہ فیروز نامی افسر نے نامناسب الفاظ، تحقیر آمیر رویئے کا نشانہ بنایا، اے سی آر خراب کرنے، بطور سزا ٹریننگ سنٹر بھجوانے کے الفاظ بھی ادا کیے گئے، مسافروں اور ساتھِی میزبانوں کے سامنے میزبان کے یونیفارم دیگر معاملات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

خاتون افسر کے خلاف ایک اور فضائی میزبان نے بھی اسی طرح کی شکایات پیش کی ہیں، کمیٹی نے دوسری متاثرہ میزبان، مبینہ ہراسگی میں ملوث خاتون افسر کی بہن فضائی میزبان کو بھی طلب کر لیا۔