نہیں چاہتا! جو میرے ساتھ ہوا بابر اعظم کے ساتھ بھی ہو: سرفراز احمد

کارکردگی میں بہتری کی گنجائش ہوتی ہے لیکن غلطی سے ہی سیکھتے ہیں، میرا بابر کو مشورہ ہے کہ پلئیرز کے ساتھ روابط بڑھائیں اور پرفارمنس پر توجہ دیں : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 30 مارچ 2023 16:02

نہیں چاہتا! جو میرے ساتھ ہوا بابر اعظم کے ساتھ بھی ہو: سرفراز احمد
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 مارچ 2023ء ) پاکستان کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017ء جتوانے والے سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ بابراعظم کپتانی کرکے ہی سیکھیں گے، وہ بتدریج بہتری کی جانب جارہے ہیں۔ معروف یوٹیوبر نادر علی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان سرفراز احمد نے کپتان کے حوالے سے کیے گئے سوال پر کہا کہ بابراعظم کپتانی سیکھ رہے ہیں، ہر شخص میں بہتری کی گنجائش ہوتی ہے اور غلطی کرکے ہی سیکھتے ہیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ میں نہیں چاہتا جیسا میرے ساتھ ہوا بابراعظم یا کسی اور کیساتھ ہو! لیکن ٹیم اور کپتان بننے میں وقت درکار ہوتا ہے، میرا بابر کو مشورہ ہے کہ پلئیرز کے ساتھ روابط بڑھائیں اور پرفارمنس پر توجہ دیں۔ سابق کپتان نے انکشاف کیا کہ مجھے نہیں لگتا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے یہ میرا آخری سیزن تھا۔

(جاری ہے)

سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستانی اور بھارتی کرکٹرز درمیان سب سے زیادہ دوستی دیکھی تاہم موجودہ دور میں کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے تعلقات ایسے نہیں رہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں اس لیے بھارت کو پاکستان آکر کھیلنا چاہیئے۔ وکٹ کیپر بلے باز نے کرکٹ میں اپنا استاد معین خان کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے وکٹ کیپر بننے کا شوق تھا، انہیں ہی دیکھ دیکھ کر بڑا ہوا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈکوچ بھی ہیں تو سیکھتا رہتا ہوں۔