Live Updates

توشہ خانہ کیس کی تحقیقات، نیب نےعمران خان سے 12 سوالات کے جواب مانگ لیے

نیب نے تحائف فروخت کرنے کی رسیدیں بھی مانگ لیں،توشہ خانہ سے حاصل تحائف کتنی بار فروخت کیے،سوالنامہ

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 30 مارچ 2023 16:29

توشہ خانہ کیس کی تحقیقات، نیب نےعمران خان سے 12 سوالات کے جواب مانگ لیے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 30 مارچ 2023ء) توشہ خانہ کیس کی تحقیقات،نیب نے سوالنامہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے 12 سوالات کے جواب مانگ لیے،نیب نے تحائف فروخت کرنے کی رسیدیں بھی مانگ لیں۔ سوالنامے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان بتائیں تحائف میں سے کون سے چیزیں فروخت کیں،کب اور کس کو تحائف فروخت کیے۔

آپ نے توشہ خانہ سے حاصل تحائف کتنی بار فروخت کیے،کیا ان ٹرانزیکشن میں کوئی مڈل مین یا ویمن شامل تھی؟۔تحائف کی خریداری اور فروخت میں شامل ہر فرد کی تفصیلات فراہم کریں۔ نیب نے ایف 7 کی دکان پر مبینہ فروخت کئے گئے تحائف کی تفصیلات بھی مانگ لیں۔ نیب سوالنامے کے مطابق بطور وزیراعظم عمران خان نے کتنے تحائف لیے،بتایا جائے کہ تحائف کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم بذریعہ بینک یا نقد لی؟ قبل ازیں سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی آج حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کی۔

(جاری ہے)

سیشن عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی،ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے کیس کی سماعت کی۔ وکیل فیصل چوہدری نے بتایا کہ آج بھی اسلام آباد بار کی ہڑتال ہے،جو تین روز سے چل رہی ہے،وکیل امجد پرویز نے کہا کہ وکلا کی ہڑتال میں عمران خان تو شامل نہیں ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ بھی لاہور سے آئے ہیں،مشترکہ تاریخ بتا دیں۔ عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ غیر ضروری سپیڈ اس کیس کو کیوں دی جا رہی ہے؟۔ وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت میں بتایا کہ فرد جرم میں کافی عرصے سے پھنسے ہوئے ہیں۔ وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے،حکومت نے عمران خان سے سکیورٹی واپس لے لی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات