آئین توڑنے والوں کو تحفظ دینے والوں پر بھی آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، میاں جاوید لطیف

نوازشریف کو 2023 کے انتخابی عمل سے باہر رکھا گیا تو کوئی ان نتائج کو تسلیم نہیں کریگا، وفاقی وزیر کا اسمبلی میں خطاب

منگل 18 اپریل 2023 18:11

آئین توڑنے والوں کو تحفظ دینے والوں پر بھی آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، میاں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2023ء) وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ، آئین توڑنے والوں کو تحفظ دینے والوں پر بھی آرٹیکل 6 لگنا چاہیے،مسلم لیگ (ن)کے قائد نوازشریف کو 2023 کے انتخابی عمل سے باہر رکھا گیا تو کوئی ان نتائج کو تسلیم نہیں کریگا۔ منگل کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ 90 روز الیکشن کرانے سے کوئی انکاری نہیں ہے ' ملک کی داخلی' خارجی اور معاشی صورتحال سب کے سامنے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو 2023 میں بھی انتخابی عمل سے باہر رکھا گیا تو کوئی ان نتائج کو تسلیم نہیں کرے گا۔ ہمیں اداروں کا بڑا احترام ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی کی سزا دینے والوں اور نواز شریف کو سزا دینے والوں کا کوئی نام بھی لینا گوارا نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ آئین توڑنے والوں کو تحفظ دینے والوں پر بھی آرٹیکل 6 لگنا چاہئے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا آخر کیا قصور تھا اس نے سچ بولا جس کی اسے سزا ملی اور ان کے جو بقایاجات تھے وہ بھی آج تک نہیں ملے ۔