کوہاٹ پولیس نے تخریب کاری کا خطرناک منصوبہ ناکام بنادیا، ایس پی آپریشنز

بدھ 3 مئی 2023 16:19

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2023ء) ایس پی آپریشنز کوہاٹ زاہد خان نے کہا ہے کہ پولیس نے تخریب کاری کا خطرناک منصوبہ ناکام بنادیاہے،مرئی چیک پوسٹ کے قریب کارروائی میں بڑی تعداد میں گولہ بارود اور مہلک بھاری ہتھیار برآمد کرلئے گئے ہیں۔کوہاٹ پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ایس پی آپریشن نے کہا ہے کہ کارروائی میں 5ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ،ملزمان میں لیوی خاصہ دار فورس کے 4اہلکار شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ہتھیاروں اور گولہ بارود کی بھاری کھیپ سرکاری پیک اپ گاڑی میں غیر قانونی طور پر سمگل کی جارہی تھی ۔پکڑے گئے گولہ بارود اور ہتھیاروں میں راکٹ لانچر، انٹی ائیر کرافٹ گن، 18راکٹ گولے اور 20راکٹ شیل بوسٹرز شامل ہیں۔کارروائی میں زیر حراست افراد کے قبضے سے 13دستی بم، 2ایس ایم جی گن، ہلکے و بھاری ہتھیاروں کے 3000کے قریب کارتوس اور مشین گن سٹینڈ بھی برآمد کر لئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہتھیار اور گولہ بارود تخریب کاری کے کسی منصوبے کیلئے اورکزئی سے درہ آدم خیل سمگل کئے جارہے تھے۔اسلحہ اور گولہ بارود کی سمگلنگ میں ملوث لیوی خاصہ دار فورس کے اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔