شیخ حمدان نے خلا سے لی گئی دبئی کی حیرت انگیز تصویر شیئر کردی

عرب دنیا کے پہلے خلاباز نے زمین سے 400 کلومیٹر اوپر سے دبئی کے ساحل کا رات کا دلکش منظرعکس بند کیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 4 مئی 2023 10:27

شیخ حمدان نے خلا سے لی گئی دبئی کی حیرت انگیز تصویر شیئر کردی
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 مئی 2023ء ) دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے خلا سے لی گئی دبئی کی حیرت انگیز تصویر شیئر کردی۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ تصویر کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ دبئی کی ایک حیران کن تصویر جو اماراتی خلاباز سلطان النیادی نے خلائی سٹیشن سے لی ہے، زمین اور اس سے آگے ملک کی غیر معمولی کامیابیوں کی منظر کشی کرتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے خلاباز سلطان النیادی نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے ایک اور شاندار تصویر پوسٹ کی، النیادی نے حال ہی میں خلا میں چہل قدمی کرنے والے عرب دنیا کے پہلے خلاباز کا اعزاز حاصل کیا، اس دوران انہوں نے دبئی کے ساحل کا ایک رات کا منظر عکس بند کیا، جو زمین سے 400 کلومیٹر اوپر سے کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کیا تھا۔

(جاری ہے)

تصویر میں دبئی کی مشہور پام جمیرہ کی خوبصورتی واضح طور پر چمک رہی ہے، جو امارات سے باہر سنہری روشنی کے ساتھ پھیل رہی ہے، انسانی ساختہ انوکھا جزیرہ امارات کے چند اعلیٰ لگژری ریزورٹس کا گھر ہے جن میں اٹلانٹس، دی پام، فائیو پام جمیرہ ہوٹل، جمیرہ زبیل سرائے اور حال ہی میں کھولا گیا اٹلانٹس دی رائل اور ساتھ ہی دی پوائنٹ جیسے پرکشش مقامات بھی شامل ہیں۔