صدر رئیسی نے ایران کی قومی سلامتی کونسل کا سربراہ بدل دیا

DW ڈی ڈبلیو پیر 22 مئی 2023 20:00

صدر رئیسی نے ایران کی قومی سلامتی کونسل کا سربراہ بدل دیا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 22 مئی 2023ء) تہران سے پیر 22 مئی کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے علی اکبر احمدیان نامی جس جنرل کو ملک کے اعلیٰ ترین سکیورٹی ادارے کا نیا سیکرٹری مقرر کیا ہے، ان کا تعلق انتہائی طاقت ور سمجھی جانے والی محافظین انقلاب کور سے ہے۔

صدر رئیسی کی سرکاری ویب سائٹ پر ایک رپورٹ میں بتایا گیا، ’’علی اکبر احمدیان کو ایک صدارتی فرمان کے ذریعے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کا نیا سیکرٹری مقرر کر دیا گیا ہے۔

‘‘

ویب سائٹ کے مطابق جنرل احمدیان ایران کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ہیں اور نئے عہدے پر اپنی تقرری سے قبل وہ اسلامی محافظین انقلاب کور کے اسٹریٹیجک سینٹر کی سربراہی کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

دہشت گرد قرار نہ دیا جائے، ایرانی محافظین انقلاب کا یورپی یونین کو انتباہ

اس کے علاوہ جنرل احمدیان ایران کی مجمع تشخیص مصلحت نظام نامی اس کونسل کے رکن بھی رہے ہیں، جو ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی مشاورت کا کام کر تی ہے۔

علی اکبر احمدیان اس کے علاوہ ماضی میں محافظین انقلاب کور کی بحری فوج کے کمانڈر اور اسی کور کے جوائنٹ سٹاف کے سربراہ کے عہدے پر بھی فائز رہے ہیں۔

ایرانی کرنل کا قتل: اسرائیلی شہریوں کو ترکی نہ جانے کی ہدایت

دس سال تک سیکرٹری رہنے والے علی شام خانی

ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سربراہ علی شام خانی تقریباﹰ دس سال تک اس منصب پر فائز رہے۔

اس وقت ان کی عمر 67 برس ہے اور انہوں نے اسی سال مارچ میں شیعہ اکثریتی آبادی والے ایران اور اس کے سنی اکثریتی آبادی والے حریف خلیجی ملک سعودی عرب کے مابین تعلقات کی بحالی کے لیے ہونے والے تاریخی مذاکرات میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

امریکہ نے روس کی ایف ایس بی اور ایران کے پاسداران انقلاب پر پابندی لگا دی

ایران کی عرب نسل کی اقلیت سے تعلق رکھنے والے شام خانی اعلیٰ ترین قومی سلامتی کونسل کے سربراہ بننے سے قبل محافظین انقلاب کور کے کمانڈر بھی رہے تھے۔

ایران کی اس کی قریبی عرب ریاستوں کے ساتھ برسوں پرانی کشیدگی کو ختم کرنے اور دوطرفہ تعلقات کی بحالی کا سہرا زیادہ تر انہی کے سر جاتا ہے۔

علی شام خانی ستمبر 2013ء میں انتہائی قدامت پسند سمجھے جانے والے سعید جلیلی کی جگہ سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سربراہ بنائے گئے تھے۔

م م / ع ا (اے پی، اے ایف پی)