مسافرنے پرواز کے دوران جہاز کا دروازہ کھولنے کی وجہ بتا دی

آرام دہ محسوس نہیں کر رہا تھا،جہاز سے جلد اترنا چاہتا تھا جس کے باعث جہاز کا دروازہ کھولا۔مسافر کا پولیس کو دیا گیا ابتدائی بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 27 مئی 2023 12:43

مسافرنے  پرواز کے دوران جہاز کا دروازہ کھولنے کی وجہ بتا دی
جنوبی کوریا (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 27 مئی 2023ء) جنوبی کوریا میں ایشیانا ایئرلائن کے مسافرنے پرواز کے دوران جہاز کا دروازہ کھولنے کی وجہ بتا دی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جنوبی کوریا میں پیش آیا جہاں ڈیگو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایشیانا ایئر لائنز کی پرواز کا ہنگامی دروازہ کھولنے پر نوجوان شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

مسافر کے دروازہ کھولنے کے لمحات کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔ واقعہ کے وقت طیارہ زمین سے تقریباً 250 میٹر کی بلندی پر تھا۔
رپورٹ کے مطابق جہاز میں اُس وقت 200 افراد سوار تھے،194 مسافر بحفاظت اتر گئے۔یہ واضح نہیں تھا کہ مشتبہ شخص کے جہاز کا ایمرجنسی دروازہ کھولنے کے مقاصد کیا تھے تاہم عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ اس نے دروازہ کھولنے کے بعد باہر چھلانگ لگانے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان کے ایمرجنسی دروازہ کھولنے کے بعد دیگر مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اب مسافر نے پولیس کو ابتدائی بیان ریکارڈ کروا دیا ہے جس میں اس نے کہا کہ وہ آرام دہ محسوس نہیں کر رہا تھا اور جہاز سے جلد اترنا چاہتا تھا جس کے باعث اس نے جہاز کا دروازہ کھولا۔مسافر نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ وہ حال ہی میں اپنی ملازمت کرنے کے بعد تناؤ کا شکار تھا۔

اس طرح کے واقعات پہلے بھی پیش آتے رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ بھی نشے میں دھت ہو کر جہاز کا ایمرجنسی دروازہ کھولنے کی کوشش کرنے والے شخص کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ دہلی سے بنگلورو جانے والی انڈیگو کی پرواز میں پیش آیا جہاں40سالہ ایک مسافر نشہ کرکے پرواز میں سوار ہوا تھا۔ فلائٹ انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ایک شخص نے نشے کی حالت میں جہاز کا ایمرجنسی گیٹ کھولنے کی کوشش کی، جس کی اطلاع عملے کی جانب سے جہاز کے کیپٹن کو دی گئی اور مسافر کو قانونی کارروائی کے حوالے سے خبر دار کیا گیا۔