فلائی دبئی کی جانب سے سینکڑوں نئی ملازمتوں کا اعلان

معروف فضائی کمپنی ایک توسیعی منصوبہ تیار کر رہی ہے جس سے اس سال ایک ہزار سے زیادہ آسامیاں پیدا ہوں گی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 27 مئی 2023 16:59

فلائی دبئی کی جانب سے سینکڑوں نئی ملازمتوں کا اعلان
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 مئی 2023ء ) دبئی سے تعلق رکھنے والی معروف فضائی کمپنی فلائی دبئی کی جانب سے سینکڑوں نئی ملازمتوں کا اعلان کردیا گیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق فلائی دبئی ایک توسیعی منصوبہ تیار کر رہی ہے، منصوبے کی بدولت اس سال ملازمت کی ایک ہزار سے زیادہ آسامیاں پیدا ہوں گی، ایئرلائن اس وقت مشرق وسطیٰ، افریقہ، یورپ اور ایشیاء میں 110 سے زیادہ مقامات کے لیے پروازیں چلاتی ہے، نئے منصوبے کے تحت کیبن کریو ممبران سے لے کر پائلٹ اور انجینئرز تک مختلف کردار ادا کرنے کے لیے باصلاحیت پیشہ ور افراد تلاش کرے گی جنہیں پرکشش سیلری پیکجز پیش کیے جا رہے ہیں، قابلیت اور تخمینہ شدہ ماہانہ تنخواہ سمیت کچھ اعلیٰ عہدے درج ذیل ہیں؛
>> کیبن کریو
فلائی دبئی اپنے مسافروں کو غیرمعمولی خدمات فراہم کرنے کے لیے فعال طور پر کیبن کریو کے ارکان کی خدمات حاصل کر رہا ہے، بہترین مواصلاتی مہارت، دوستانہ برتاؤ اور کسٹمر سروس کا جذبہ رکھنے والے امیدوار اس عہدے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، اس کردار کیلئے کم از کم عمر 21 سال، کم از کم قد 5 فٹ 2 انچ اور جسمانی طور پر فٹ ہونا ضروری ہے، ہائی اسکول کی تعلیم مکمل کی ہو اور انگریزی میں روانی ہونی چاہیے، کیبن کریو کے لیے تنخواہ 7 ہزار 380 درہم (بنیادی تنخواہ + ہاؤسنگ الاؤنس + ٹرانسپورٹیشن الاؤنس)، یہ 3 ہزار 800 درہم (ماہانہ اوسط) کے متغیر فلائنگ تنخواہ کے ساتھ بھی آتا ہے۔

(جاری ہے)

>> پائلٹ
فلائی دبئی کے جدید طیاروں کے بیڑے کو چلاتے ہوئے پائلٹ مسافروں کی ان کی منزلوں تک محفوظ اور موثر نقل و حمل کو یقینی بناتے ہیں، ضروری پرواز کے اوقات، لائسنس اور سرٹیفیکیشن کے ساتھ اہل امیدواروں کو درخواست دینے کے لیے مدعو کیا جاتا ہے، جس کے لیے کم از کم 2 ہزار 500 گھنٹے کل پرواز کا وقت، جدید (EFIS) پر 1000 گھنٹے، ملٹی کریو، 10 ٹن سے زیادہ آپریٹنگ وزن والے ملٹی انجن والے طیارے اور B737-300 سے 900 (NG/EFIS) قسم کے ہوائی جہاز پر 500 گھنٹے شامل ہیں، پائلٹ کو تنخواہ کی مد میں 31 ہزار 900 درہم (بنیادی تنخواہ + ہاؤسنگ الاؤنس + ٹرانسپورٹیشن الاؤنس) ادا کیے جائیں گے۔

>> انجینئر
ایئرلائن ایسے افراد تلاش کرتی ہے جو ہوائی جہاز کی دیکھ بھال، ایویونکس اور انجینئرنگ کے مختلف شعبوں میں مہارت رکھتے ہوں، کامیاب درخواست دہندگان فلائی دبئی کے ہوائی جہاز کے بڑھتے ہوئے بیڑے کی فضائی قابلیت اور آپریشنل کارکردگی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے، ان کی تنخواہ اور فوائد میں ہاؤسنگ الاؤنس، ٹرانسپورٹیشن الاؤنس اور انجینئرنگ الاؤنس کے ساتھ بنیادی تنخواہ شامل ہے۔

>> کیٹرنگ ٹیم
کھانے کی تیاری، لاجسٹکس اور کھانا پکانے کے انتظام میں تجربہ رکھنے والے ملازمت کے متلاشیوں کو کیریئر کی کیٹرنگ سروسز ٹیم میں شامل ہونے کے لیے مدعو کیا جاتا ہے، اس پوزیشن میں انفلائٹ کیٹرنگ آپریشنز کو مربوط کرنا، ان کی نگرانی کرنا، مسافروں کو اعلیٰ معیار کے کھانے اور خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا شامل ہوگا۔

اپلائی کرنے کے طریقہ کار میں بتایا گیا ہے کہ دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو فلائی دبئی کی آفیشل ویب سائٹ پر جانا ہوگا، وہاں ’کیریئرز‘ سیکشن کو چیک کریں، جہاں وہ دستیاب ملازمت کی فہرستوں کو تلاش کرسکتے ہیں اور اپنی درخواستیں آن لائن جمع کروا سکتے ہیں، ہر عہدے کے لیے مخصوص تقاضے اور قابلیت ہو سکتی ہے، اس لیے درخواست دہندگان کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ درخواست دینے سے پہلے ملازمت کی تفصیل کا بغور جائزہ لیں۔