پاکستان میں 7 کروڑ96 لاکھ سے زائدلوگوں کا روزگار لائیوسٹاک سے وابستہ ہے، ماہرین ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز

پیر 29 مئی 2023 14:56

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2023ء) ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان میں 7کروڑ 96 لاکھ سے زائدلوگوں کا روزگار لائیوسٹاک سے وابستہ ہے ۔مقامی جامعہ کے ماہرین ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسزنے بتایا کہ ڈیری مصنوعات کے فروغ اور ان کی زیادہ سے زیادہ برآمد کیلئے قومی ڈیری پالیسی کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان ڈیری ڈویلپمنٹ کمپنی اور حکومت کے دیگر اداروں کے اشتراک سے غریب کسانوں کو بھینسوں کی خرید کیلئے بلاسود قرضے ادا کئے جائیں تو ڈیری ڈویلپمنٹ کو زبر دست فروغ حاصل ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماڈل ڈیری فارمز کے قیام، کولنگ ٹینکس کی فراہمی، کمیونٹی فارمنگ کے فروغ، بائیو گیس پلانٹس کی تنصیب، رورل سروسز پرووائیڈر پروگرام کی افادیت کے ذریعے دودھ کی پیداوار کوبڑھانے کے ساتھ ساتھ اسے زیادہ دیر تک محفوظ رکھا جا سکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ پاکستان میں مناسب سہولیات نہ ہونے کے باعث سالانہ 8سے10ارب لیٹر دودھ ضائع ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ ملک بھر میں فوری طور پرمزید کم ازکم 50سے 60 ہزار ملک کولنگ ٹینکس کی فراہمی کیلئے اقدامات کرے کیونکہ اس وقت موجود 16سے18ہزار ملک کولنگ ٹینکس دودھ کی پیداوار کے لحاظ سے ناکافی ہیں۔ انہوں نے سفید انقلاب لانے کیلئے حکومت سے مزید فنڈز کی فراہمی کی بھی اپیل کی۔