حیدرآباد میں عیدالاضحی انتظامات کے سلسلے میں کنٹی جنسی پلان پر بریفنگ

جانوروں کی آلائشیں جمع کرنے کے لئے 12عارضی کلیکشن پوائنٹ بنائے جائیں گے،سید امتیاز علی شاہ

بدھ 31 مئی 2023 22:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2023ء) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، سید امتیاز علی شاہ کی زیرِ صدارت حیدرآباد میں عیدالاضحی انتظامات کے سلسلے اجلاس منعقد کیا گیا جس میں عید الاضحی آپریشن کے حوالے متعلقہ افسران اور نجی کمپنیزکے عہدیداران نے کنٹی جنسی پلان پر مکمل بریفنگ دی۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ کی ہدایت پر آلائشوں کو جمع کرنے کے لئے تقریبا 12 عارضی کلیکشن پوائنٹس زون وائزبنائے جائیں گے جس میں لطیف آباد زون میں 4، قاسم آباد زون میں 2، حیدرآباد سٹی زون میں 5،کوٹری زون میں 1 کلیکشن پوائنٹس بنائے جائیں گے۔

زون وائز 11 کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔ آلائشیں اٹھانے کے لئے عید کے 3 دن تقریبا462 گاڑیاں استعمال میں لائی جائیں گی۔ آلائشوں کو مدفون کرنے کے لئے ملاکاتیارMulakatiar لینڈ فل سائٹ پرٹرینچ بنانے کے انتظامات کئے جائیں گی۔

(جاری ہے)

جبکہ ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے آپریشن کے لئے تمام مشینری اور چونے کے انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ اندازے کے مطابق حیدرآباد میں ایک لاکھ چھیالیس ہزار سے زائد قربانی متوقع ہے جبکہ آلائشیں تقریبا 4,478ٹن متوقع ہوگی۔

اس سلسلے میں عید کے چار روز تک آپریشن جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ معمول کا کچرا بھی بلا تعطل اٹھایا جائے گا۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے عید سے قبل عید گاہوں اور مساجد کے اطراف صفائی اور بارش کی پیشنگوئی کے پیش نظر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پلان بی مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں سیکریٹری نسیم الدین میرانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹرآپریشن حیدرآباد نثار احمد،ایگزیکٹو ڈائریکٹرآپریشن کراچی طارق نظامانی، تمام متعلقہ ڈائریکٹرز،ڈپٹی ڈائریکٹرز اور نجی کمپنیزپاک التاس کے عہدیداران موجود تھے۔

ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے کنٹریکٹرز اور متعلقہ افسران کو عیدالاضحی انتظامات کے لئے بلدیاتی اداروں اور دیگرسوک ایجنسیز کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن رکھنے اور عیدالاضحی پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت دی۔تمام زونز میں شکایتی مراکز فعال رکھے جائیں۔