ورثائے حریت جموں و کشمیرکی طرف سے معروف عالم دین حافظ عبدالسلام بن محمد کے انتقام پر اظہار رنج و غم

جمعہ 2 جون 2023 17:45

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2023ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ورثائے حریت جموں و کشمیر نے معروف عالم دین ،شیخ الحدیث، مفسر قرآن، فضیل الشیخ حافظ عبدالسلام بن محمد بھٹوی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عبدالسلام بن محمد بھٹویجو ایک عظیم مفسر قرآن ہونے کے ساتھ ساتھ مقبوضہ جموں وکشمیر کی بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کے بڑے حامی اور حریت پسندوں کے استاد تھے کا 29مئی بروز پیر کو انتقال ہو گیا تھا ۔

ورثائے حریت جموں وکشمیر نے ایک بیان میں کہاہے کہ حافظ عبدالسلام بن محمد کی مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔بیان میں کہاگیا ہے کہ کشمیری حریت پسند انہیں اپنا استاد مانتے تھے اور ان سے رہنمائی حاصل کر تے تھے ۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں مصروف عمل ان کے سینکڑوں حریت پسند شاگر دوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیااوران کے ہزاروں شاگر د آج بھی جیلوں میں نظر بند ہیں ۔

سرینگر میں الشیخ حافظ عبدالسلام بن محمد کی درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی اور سوگوار خاندان اور،ان کے شاگردوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاگیا۔ بیان میں ورثائے حریت جموں وکشمیر نے حافظ عبدالسلام بن محمد کو شاندار خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ انہوں نے درجنوں کتب تحریر کیں ۔واضح رہے کہ حافظ عبدالسلام بن محمد کا 29مئی کو انتقال ہو گیا تھا اور انہیں اسی روز مریدکے میں سپرد خاک کیاگیا۔