پی ٹی آئی سے علیحدہ ہونے والے اراکین کا ’’ڈیموکریٹس ‘‘گروپ بنانے کا اعلان

الگ گروپ کی حیثیت سے اپنی شناخت بنائیں گے، (ق)، پیپلز پارٹی ،(ن)لیگ میں شمولیت اختیار نہیں کی جائیگی ڈاکٹر مراد راس اورہاشم ڈوگر کی زیر صدارت تحریک انصاف سے راہیں جدا کرنے والے ہم خیال اراکین کا اجلاس

اتوار 4 جون 2023 17:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2023ء) پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑنے والے ہم خیال اراکین نے کسی بھی دوسری پارٹی میں شمولیت کے بجائے ’’ڈیموکریٹس‘‘کے نام سے ایک نیا گروپ بنانے کا اعلان کر دیا۔تحریک انصاف کی پنجاب حکومت میں کابینہ کا حصہ رہنے والے ڈاکٹر مراد راس اور ہاشم ڈوگر کی زیر صدارت پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرنے والے ہم خیال اراکین کا اجلاس ہوا جس میں گروپ کے نام کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہم خیال اراکین جہانگیر ترین گروپ کے ساتھ فی الحال نہیں جائیں گے، اراکین ’’ڈیموکریٹس ‘‘کے نام سے اپنی الگ شناخت رکھیں گے، گروپ میں آنے والے اراکین کی شناخت بھی فی الحال ظاہر نہیں کی جائے گی جبکہ گروپ کو الیکشن کمیشن میں بھی رجسٹرڈ نہیں کروایا جائے گا۔’’ڈیموکریٹس ‘‘گروپ کے اہم رکن ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ الگ گروپ کی حیثیت سے اپنی شناخت بنائیں گے، مسلم لیگ (ق)، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)میں شمولیت اختیار نہیں کی جائے گی، سب لوگوں سے رابطے میں ہیں۔