دھان کے کاشتکاروں کو سپرباسمتی کی پنیری 20 جون تک کاشت کرنے کی ہدایت

پیر 5 جون 2023 12:56

دھان کے کاشتکاروں کو سپرباسمتی کی پنیری 20 جون تک کاشت کرنے  کی  ہدایت
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2023ء) دھان کے کاشتکاروں کو سپرباسمتی کی پنیری 20جون تک کاشت کرنے اور شرح بیج500سے750گرام فی مرلہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری خالد محمود نے کہا کہ کاشتکار زمین کو پانی دیکر وترحالت میں لائیں اور پھر دوہراہل چلاکر سہاگہ بھی دیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ پنیری کاشت کرنے سے قبل دوہراہل چلاکر سہاگہ دیتے ہوئے تیار شدہ کھیت میں خشک بیج کا چھٹہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکاراس پر اروڑی، توڑی، پھک یا پرالی کی ایک انچ موٹی تہہ بکھیر دیں اور اسکے بعد ہلکا پانی لگا دیں۔ انہوں نے کہاکہ جس نکے سے پانی دیاجائے اس کے آگے سوکھی گھاس وغیرہ رکھ دینی چاہیے تاکہ پانی کا زور کم ہو جائے اور بیج بہنے نہ پائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکار چند دن بعد توڑی و پرالی کواٹھا دیں تاکہ پنیری پر سورج کی روشنی پڑ سکے۔ انہوں نے کہاکہ زنک اور بوران کی کمی دھان کے کھیتوں میں واضح نظر آتی ہے لہٰذا 33 فیصد والا 30 کلو گرام زنک سلفیٹ فی ایکڑ نرسری پر ڈالنے سے زنک کی کمی کو دور کیا جاسکتاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کی جانب سے دھان کی منظور شدہ اقسام کی پنیری کی کاشت اور اس کی کھیتوں میں منتقلی کا بھی شیڈول جاری کیا جاچکا ہے جس کے مطابق سپرباسمتی، پی ایس 2، باستمی 385، باسمتی 2000، باسمتی 515 اور باسمتی 370 کی پنیری 20جون یا 6ہاڑتک کاشت کرکے یکم جولائی سے20جولائی بمطابق 17ہاڑ سے 4ساون تک، باسمتی 198 ساہیوال، اوکاڑہ اور ملحقہ علاقوں میں پنیری کی کاشت 15جون یا یکم ہاڑ تک کاشت کرکے یکم جولائی سے 15جولائی بمطابق 17ہاڑ سے 31 ہاڑ تک، شاہین باسمتی کی پنیری کی کاشت 15جون سے 30جون بمطابق یکم ہاڑ سے 16ہاڑ تک کاشت کرکے 15جولائی سے 31 جولائی بمطابق 31ہاڑ سے 15ساون تک، کے ایس 282، نایاب اری 9، اری 6، کے ایس کے 133، کے ایس کے 434،پی کے 386، نیاب 2013 کی پنیری کی کاشت 7جون یا 24جیٹھ تک کاشت کرکے 20جون سے 7جولائی بمطابق 6ہاڑ سے 23ہاڑ تک کھیت میں منتقل کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ 15 جون یا یکم ہاڑ تک وائے 26، پرائیڈ 1، شہنشاہ 2، پی ایچ پی 71 کی پنیری کو کاشت کرکے اس کی عمر 25 سے30 دن ہونے پر اسے کھیت میں منتقل کیاجا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ بروقت اور شیڈول کے مطابق پنیری کی کاشت اور اس کی کھیتوں میں منتقلی سے شاندار پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :