چین نے ایشیا اور بحرالکاہل میں نیٹو نما اتحاد سے خبردار کردیا

سنگاپور میں سکیورٹی پر کانفرنس کے دوران چینی وزیر دفاع لی شانگ فو کا اظہار خیال

پیر 5 جون 2023 18:16

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2023ء) چین کے وزیر دفاع لی شانگ فو نے ایشیا پیسفک خطے میں نیٹو نمافوجی اتحاد کے قیام سے متعلق خبردار کرتے ہوئے کہاہے کہ ایسے فوجی اتحاد خطے کو تنازعات کے بھنور میں ڈال دیں گے۔سنگاپور میں اتوار کے روز شنگری لا ڈائیلاگ کے فریم ورک کے اندر منعقدہ سکیورٹی کانفرنس کے دوران لی شانگ فو نے خبردار کیا کہ ایشیا پیسیفک خطے میں نیٹو جیسے اتحاد کو مضبوط کرنے کی کوششیں خطے کے ممالک کو ہائی جیک کرنے اور تصادم اور تنازعات کو بڑھانے کا ایک طریقہ ہیں۔

(جاری ہے)

ایسی کوششیں صرف ایشیا پیسیفک خطے کوتصادم اور تنازعات کے بھنور میں ڈالنے کا باعث بنیں گی۔ان کا کہنا تھاکہ آج کے ایشیا پیسیفک کو کھلے اور جامع تعاون کی ضرورت ہے۔ اسے چھوٹے چھوٹے گروپوں میں نہیں بٹنا چاہیے۔ ہمیں دو عالمی جنگوں کی وجہ سے تمام ممالک کے لوگوں کو درپیش آنے والی مشکلات کو نہیں بھولنا چاہیے اور ہمیں یہ اجازت نہیں دینی چاہیے کہ ایسی المناک تاریخ اپنے آپ کو دہرائے۔وزیر دفاع لی نے واضح طور پر کسی ملک کا نام نہیں لیا، تاہم اے ایف پی کے مطابق وہ یہاں بظاہر امریکہ کا حوالہ دے رہے تھے جو خطے میں اتحادوں اور شراکت داریوں کو فروغ دے رہا ہے۔