الیکشن کمیشن کا عام انتخابات کیلئے بیورو کریسی سے آر اوز لینے کا فیصلہ

قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے الگ الگ آر اوز تعینات کیے جائیں گے،الیکشن کمیشن نے آر اوز کیلئے ممکنہ افسران کی اسکروٹنی شروع کر دی

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 5 جون 2023 17:28

الیکشن کمیشن کا عام انتخابات کیلئے بیورو کریسی سے آر اوز لینے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 05 جون 2023ء) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے بیورو کریسی سے ریٹرنگ افسران لینے کا فیصلہ کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے الگ الگ آر اوز تعینات کیے جائیں گے،الیکشن کمیشن نے آر اوز کیلئے ممکنہ افسران کی اسکروٹنی شروع کر دی اور چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز سے اس حوالے سے حتمی تجاویز طلب کر لی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق انتخابات کیلئے شیڈول سے 2 ماہ قبل ریٹرنگ افسران کا تقرر لازمی ہے،الیکشن کمیشن آئندہ چند روز میں آر اوز کی تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ دوسری جانب ملک بھر میں انتخابات ایک دن کرانے کے کیس میں سپریم کورٹ ایک ساتھ انتخابات پر اتفاقِ رائے کے لیے پرامید ہے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے 5 مئی کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا کہ جماعتوں کی سیاسی ایشو کو مذاکرات سے حل کرنے کی کوشش قابل ستائش ہے،سیاسی ایشو مذاکرات اور اتفاق رائے سے ہی بہتر انداز میں حل ہو سکتے ہیں۔

توقع ہے سیاسی جماعتیں ایک تاریخ پر ملک بھر میں انتخابات پر متفق ہو جائیں گی۔جب کہ حکومت کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملک بھر میں ایک ہی دن عام انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ میں جواب جمع کروایا تھا۔ انہوں نے اپنا جواب اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان اعوان کے ذریعے سپریم کورٹ میں جمع کروایا۔ حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کے بارے میں اپنے جواب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کے اتحادی اور اپوزیشن ملک بھر میں ایک ہی تاریخ کو الیکشن کروانے پر متفق ہیں۔ ملک کے بہترین مفاد میں مذاکرات کا عمل بحال کرنے کو تیار ہیں۔ سپریم کورٹ کو بتایا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں ایک ہی تاریخ پر انتخابات کرانے پر اتفاق کیا۔