جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ

پاک فوج کے لانس نائیک بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے، آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 5 جون 2023 21:29

جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ ..
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 جون 2023ء) جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے لانس نائیک بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔ پا ک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

دہشتگردوں کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک محمد صابر شہید ہوگئے۔ جام شہادت نوش کرنے والے 30 سالہ لانس نائیک محمد صابر کا تعلق مانسہرہ تھا۔ علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے، مسلح افواج دہشتگردوں کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

مزید برآں آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں شہید دو سکیورٹی اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، شہداء میں لانس نائیک معراج الدین اور نائیک ظہیر عباس شامل ہیں۔ شہداء کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران اور شہریوں نے شرکت کی۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاک فوج وطن کے دفاع کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ مسلح افواج دشمن قوتوں کا بھرپور طاقت سے جواب دیں گی۔