کپاس کی بہتر مینجمنٹ کیلئے کاٹن ایڈوائزری ایکسپرٹ گروپ قائم کیا جارہا ہے، سیکرٹری زراعت پنجاب

پیر 5 جون 2023 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2023ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ کپاس کی بہتر مینجمنٹ کے لئے ہر ڈویژن میں کاٹن ایڈوائزری ایکسپرٹ گروپ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جو کاشتکاروں کی فنی رہنمائی کرے گا، کاٹن ایڈوائزری ایکسپرٹ گروپ میں اکیڈمیا، سائنسدان، انڈسٹری،جنرز وآپٹما کے نمائندگان شامل ہوں گے جو کپاس کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

وہ یہاں سول سیکرٹریٹ لاہور میں منعقدہ ڈویژنل سطح پر کاٹن ایڈوائزری گروپ اور کسان سہولت سینٹر ز کے قیام کیلئے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کے پیداواری ہدف کے حصول کے لئے بہتر مینجمنٹ از حد ضروری ہے جس کیلئے زیادہ محنت و کاوش کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان،ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) ڈاکٹر محمد انجم علی اورڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ رانا فقیر احمد جبکہ زراعت توسیع کے تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز نے آن لائن شرکت کی۔

اس موقع پرسیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے زراعت توسیع و پیسٹ وارننگ کے افسران کو ملاوٹ سے پاک زرعی زہروں کی مارکیٹ میں دستیابی یقینی بنانے کے لئے خفیہ معلومات کی بنیاد پر چھاپے مارنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے کاشتکاروں کیلئے صوبہ بھر میں تحصیل کی سطح پرایک کسان سہولت سینٹرقائم کرنے کی بھی ہدایت کی جہاں ون ونڈو کے تحت کپاس کے کاشتکاروں کو زرعی مداخل و مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے مزیدکہا کہ کپاس کی جاری مہم کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ،محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیموں کے ذریعے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔اس کے ساتھ کاشتکاروں کی فنی رہنمائی کے لئے پرنٹ، الیکٹرانک وڈیجیٹل میڈیا کا وسیع استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔کپاس کی بہتر مینجمنٹ کے لئے جن محکموں کو ڈیوٹیاں تفویض کی گئی ہیں ان کی مانیٹرنگ جاری ہے اور کسی بھی کوتاہی کی صورت میں ان کا محاسبہ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :