پشاور میں بی آرٹی بسیں چلانے والی نجی کمپنی صوبائی حکومت کی نادہندہ نکلی

پیر 5 جون 2023 22:25

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2023ء) پشاور میں بی آر ٹی کی بسیں چلانے والی نجی کمپنی خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت کی نادہندہ نکلی، نجی کمپنی نے جولائی 2021 سے صوبائی حکومت کو کرایہ دینا بھی بند کردیا ہے۔دستاویزات کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ نے جی ٹی روڈ پر 20 کنال اراضی نجی کمپنی کو لیز پردی تھی جس کی مدت اکتوبر 2022 میں ختم ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

دستاویزات کے مطابق نجی کمپنی نے جولائی 2021 سے صوبائی حکومت کو کرایہ دینا بھی بند کردیا ہے،کمپنی سے صوبائی حکومت کا 16لاکھ 56 ہزار روپے ماہانہ کرائیکا معاہدہ طے پایا تھا۔نگراں وزیرٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا شاہد خٹک نے بتایا کہ نجی کمپنی کرائے کی مد میں حکومت کی 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کی مقروض ہے، نجی کمپنی سے معاہدہ ختم ہوگیا لیکن کمپنی نے سرکاری اراضی پر اب بھی ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے۔دوسری جانب بی آر ٹی کی مد میں نجی کمپنی کے بھی حکومت پر 75 کروڑ روپے سے زیادہ بقایاجات ہیں، بقایات کی ادائیگی سے متعلق نجی کمپنی نے حکومت کو خط بھی لکھا تھا۔