مقبوضہ کشمیر ، جنوری سے اپریل تک 18سو سڑک حادثات میں 2سو لوگ مارے گئے

جمعرات 8 جون 2023 13:42

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2023ء) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں رواں برس جنوری سے اپریل کے درمیان 18سو سڑک حادثات پیش آئے ہیں جن میں تقریباً 200 افراد کی جانیں چلی گئیں۔ مقبوضہ وادی کشمیر کی نسبت جموں خطے میں زیادہ 850 سے زیادہ حادثات ہوئے جن میں 150 افراد کی جانیں چلی گئیں جبکہ 1000 سےزیادہ زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں ضلع میں 376 حادثات میں 65 اموات اور 400 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، ضلع ادھم پور میں147 جبکہ کٹھوعہ اضلاع میں 143 حادثات ہوئے۔

ٹریفک پولیس کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ جموں خطے کے کچھ حصوں سے ہر روز 10 سے 12 سڑک حادثات رپورٹ ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حادثات کی بڑی وجہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال، اوور لوڈنگ اور تیز رفتاری ہیں۔