وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان کا آئیسکو ہیڈ آفس کا دورہ

جمعرات 8 جون 2023 22:32

وفاقی وزیر  توانائی  انجینئر خرم دستگیر خان کا آئیسکو ہیڈ آفس کا دورہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2023ء) وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) انجینئر خرم دستگیر خان نے جمعرات کو آئیسکو ہیڈ آفس اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں آئیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران، چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو ڈاکٹر امجد خان، آئیسکو کے سینئر افسران، آئیسکو انجینئرز ایسویسی ایشن(آئی ای اے)اور پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین کے نمائندوں نے اُن کا خیر مقدم کیا۔

جمعرات کو ترجمان آئیسکو کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلز کے مطابق چیف ایگزیکٹو آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان نے وفاقی وزیر کو آئیسکو کی کارکردگی، ریجن میں جاری ترقیاتی و تعمیراتی منصوبوں، گورنمنٹ و پرائیویٹ صارفین سے واجبات کی وصولی اور دیگر امور کے متعلق بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے آئیسکو کی کارکردگی پہ اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کی نمائندگی کرتے ہوئے آئیسکو پہ بطور ڈسٹری بیوشن کمپنی دوہری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، آئیسکو کی بہترین کارکردگی کا اثر ملک کی دیگر پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں پہ بھی ہوتا ہے، آئیسکو افسران کو فیلڈ میں صارفین کے مسائل کے حل کے لئے مزید بہتر اقدامات اٹھانا ہونگے، آپ کا صارف آپ سے مطمئن ہوگا تو ہی آپ کی کارکردگی بہتر تصور کی جائے گی۔

بجلی استعمال کرنے والے تمام صارفین خواہ وہ گورنمنٹ کے ادارے ہیں یا پرا ئیوٹ صارفین سب سے 100فی صد ریکوری کو یقینی بنانا ہوگا، صارفین تک بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے آئیسکو ریجن میں نئے گریڈ اسٹیشنز کے قیام کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور جہاں بھی لوولٹیج کی شکایات ہیں انھیں ختم کیا جائے، وفاقی وزیر نے آئیسکو چیف کو ہدایات جاری کیں کہ فیلڈ افسران کو متنبہ کیا جائے کہ صارفین کے بجلی سے متعلقہ مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے۔