ملک بھر میں بجلی کے ترسیلی نظام کو مزید بہتر اورمستحکم بنانے کیلئے کوشاں ہیں،وفاقی وزیرتوانائی انجینئر خرم دستگیر خان

ہفتہ 10 جون 2023 20:37

ملک بھر میں بجلی کے ترسیلی نظام کو مزید بہتر اورمستحکم بنانے کیلئے ..
گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2023ء) وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ132کے وی اروپ گرڈ اسٹیشن میں6کروڑ روپے کی لاگت سے37.5میگا واٹ کی استعدادکا رکھنے والے نئے پاور ٹرانسفارمر کی تنصیب سے گوجرانوالہ کے لاکھوں صارفین مستفید ہوں گے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی آئیگی،صارفین کو بہترین وولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی ممکن ہو گی اور اوور لوڈنگ کا خاتمہ ہو گا۔

اِ ن خیالات کا اظہار انہوں نے اروپ گرڈ اسٹیشن میں نئے پاورٹرانسفارمر کی تنصیب کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے چیئرمین گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد شعیب بٹ،چیف ایگزیکٹوانجینئر محمد ایوب اور پراجیکٹ ڈائریکٹر جی ایس سی فیصل نفیس یوسف اور ڈپٹی مینجر پبلک ریلیشنز محمد جہانگیر رانانے بھی خطاب کیا جبکہ جنرل مینجرز مظہر نوید، رانا اشتیاق احمد،ڈائریکٹرجنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن جلیل الرحمن، چیف انجینئرزنوید انجم چیمہ، محمد عاشق جٹ،امتیاز احمد چیمہ، مینجرزشیخ امان اللہ،محمد بوٹا گورائیہ، شہباز احمد سیکھو، غلام غوث،واپڈا ہائیڈرو یونین کے ریجنل چیئرمین ولی الرحمن خان سمیت گیپکو افسران و ملازمین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر توانائی نے کہا کہ 132کے وی اروپ گرڈ اسٹیشن میں نئے پاور ٹرانسفارمر کی بروقت اور اپنے وسائل سے تنصیب گیپکو انجینئرز اور کارکنان کی فنی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کیلئے گیپکو انجینئرز و کارکنان بارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں گیپکوسمیت ملک بھر میں بجلی کے تقسیمی نظام کو مزید بہتر اورمستحکم بنانے کیلئے کوشاں ہیں تاکہ پاکستانی عوام ملک بنانے والوں اور جلانے والوں میں فرق کو سمجھ سکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد شعیب بٹ نے کہا کہ اروپ گرڈ اسٹیشن میں پاور ٹرانسفارمر کے اضافے سے گیپکو کے تقسیمی نظام میں مزید بہتری آئی گی اور یہ منصوبہ مستقبل میں یہ گیپکو کیلئے مسلسل ایک بہت بڑی تکنیکی و مالی بچت کا باعث بنا رہے گا۔چیف اگزیکٹو گیپکو انجینئر محمد ایوب نے کہا کہ اس منصوبے کی تعمیر پر تقریباَ6کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے ریکارڈ مدّت میں مکمل ہونے والے اس منصوبے تکمیل سے گیپکو کے لائن لاسز میں کمی آئے گی مختصر عرصہ میں اس پاور ٹرانسفارمر پر لگائی گئی سرمایہ کاری وصول ہو جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ سسٹم کی اَپ گریڈیشن اور بہتری کیلئے ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رہے گا سسٹم کی اَپ گریڈیشن سے صارفین کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا اوراوورلوڈنگ اور کم وولٹیج کی شکایات کا خاتمہ ہوگا جبکہ گیپکو کا ڈسٹری بیوشن سسٹم بھی مستحکم ہوگا۔\378