چشتیاں زرعی ادویات ڈیلرزکی انتظامیہ وپولیس کےظالمانہ رویہ کے خلاف شٹرڈاؤن ہڑتال، مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان

پیر 19 جون 2023 21:50

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2023ء) زرعی ادویات ڈیلرز ایسوسی ایشن پنجاب کی اپیل پر چشتیاں سمیت ضلع بہاولنگر کے تمام شہروں وقصبات میں زرعی ادویات ڈیلرز نے اسسٹنٹ کمشنرز وپولیس کے توہین آمیز اور ظالمانہ رویہ اختیار کرنے کے خلاف شٹرڈاؤں ہڑتال کی کال دیدی ،غلہ منڈی میں احتجاجی کیمپ لگا کر اپنے جائز مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

پیسٹی سائیڈ ایسوسی ایشن چشتیاں کے صدر چوہدری منصور چیمہ،نائب صدر چوہدری پرویز،جنرل سیکرٹری کاشف سجاد،جوائنٹ سیکرٹری ساجد شفیق اور فنانس سیکرٹری شیخ اعجاز نے احتجاجی کیمپ میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چشتیاں میں غلہ منڈیوں کے معزز آڑھتیوں نے زرعی ادویات کی ڈیلر شپ حاصل کررکھی ہے ، وہ علاقہ کی زرعی معیشت کے استحکام کیلئے کسانوں کو اربوں روپئے مالیت کی کھاد،زرعی ادویات، شادی بیاہ خوشی غمی و دیگر ضروریات کیلئے بلا سود قرضے فراہم کرکے قومی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کے غیردانشمندانہ فیصلوں کے تحت زرعی ادویات کے سیمپل حاصل کرنے کی بجائے اسسٹنٹ کمشنرز پولیس کے ہمراہ چھاپے مارنے کے بیچ نمبر اور سٹاک میں معمولی کوتاہی پر گرفتاریاں اور مقدمات قائم کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں غلہ منڈیوں کے آڑھتیوں میں سخت خوف وہراس پیدا ہوگیا ہے اور انتظامیہ کے ظالمانہ رویوں کے خلاف شٹرڈاؤن ہڑتال کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی بطور وزیر اعلی پنجاب جعلی زرعی ادویات کے خلاف تاریخ ساز اقدامات کی بدولت سرکاری لیبارٹریز پنجاب میں زرعی ادویات کو 98 فیصد معیاری قرار دے رہی ہیں ، اسسٹنٹ کمشنرز پولیس کے ساتھ اس طرح چھاپے مار رہے ہیں جس طرح وہ منشیات فروش ہوں۔کپاس،دھان کی فصلوں پر سفید مکھی،سبز تیلا،لشکری سنڈی،تنے کی سنڈی کے حملے کے موقع پر زرعی ادویات کے نہ ملنے سے فصلوں کے تباہ ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے بلکہ ہزاروں کسان اور زمیندارزرعی ادویات کے حصول کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔