Live Updates

ہارس ٹریڈنگ کا الزام واپس لینے پر سابق رکن اسمبلی کا عمران خان کیخلاف ہرجانے کا کیس ختم

چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس کوئی شواہد نہیں، فوزیہ بی بی پارٹی کی قابل احترام رکن ہے، عمران خان کے وکیل کا تحریری بیان

پیر 10 جولائی 2023 22:37

ہارس ٹریڈنگ کا الزام واپس لینے پر سابق رکن اسمبلی کا عمران خان کیخلاف ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2023ء) خیبرپختونخوا کی سابق رکن اسمبلی فوزیہ بی بی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف ہرجانہ کیس واپس لے لیا۔پشاور کے ایڈیشنل سیشن جج آفتاب اقبال نے کیس کی سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل قاضی انور اور فوزیہ بی بی کے وکیل غفران اللہ شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت میں قاضی انور اور فوزیہ بی بی کا مشترکہ تحریری بیان جمع کرادیا گیا جس میں فوزیہ بی بی نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے مجھے سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ سے متعلق الزامات سے بری کردیا ہے، اس لیے میں اپنا کیس واپس لینا چاہتی ہوں۔

قاضی انور ایڈوکیٹ نے تحریری بیان میں لکھا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے فوزیہ بی بی کی پارٹی رکنیت بحال کردی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو خود سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کا علم نہیں، انہوں نے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پر صرف پریس کانفرنس کی تھی۔

(جاری ہے)

قاضی انور کی جانب سے لکھے گئے تحریری بیان کے مطابق رپورٹ اس وقت کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور نعیم الحق نے تیار کی تھی، نعیم الحق وفات پاچکے ہیں اور پرویز خٹک پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔

قاضی انور نے لکھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس کوئی شواہد نہیں اور فوزیہ بی بی پارٹی کی قابل احترام رکن ہے۔عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ہرجانہ کیس نمٹا دیا۔خیال رہے کہ سابق ایم پی اے فوزیہ بی بی نے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف ہرجانہ کیس دائر کیا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی نے فوزیہ بی بی پر سینیٹ الیکشن 2018 میں ووٹ بیچنے کا الزام لگایا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات