میری شادی پر کون شادی کرے گا؟غریب اور نابینا شخص کی شادی میں 10 ہزار افراد نے شرکت کر کے تقریب کو یادگار بنا دیا

لوگوں نے بیش قیمت تحائف،زیوارات اور گھریلو اشیاء سے الجزائر سے تعلق رکھنے والے موکا کے گھر کو بھر دیا،نو بیاہتا جوڑے کو مختلف ممالک کے ہنی مون ٹکٹ بھی دئیے گئے

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 20 جولائی 2023 16:47

میری شادی پر کون شادی کرے گا؟غریب اور نابینا شخص کی شادی میں 10 ہزار ..
الجزائر ( اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 20 جولائی 2023ء) الجزائر کے موکا نامی غریب اور نابنیا شخص کی شادی نے لوگوں کو حیران کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق شادی ہر انسان کی زندگی کا یادگار لمحہ ہوتی ہے،دنیا میں کچھ ایسا شادیاں بھی ہوئی ہیں جنہوں نے لوگوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا۔ ایسی ہی ایک منفرد شادی شمالی افریقہ میں واقع ایک ملک الجزائر میں ہوئی۔

قصہ کچھ یوں ہے کہ الجزائر کے صوبے حنشلہ کے رہائشی غریب نابینا شمس الدین عرف موکا اپنی شادی کیلئے ملبوسات سلوانے ایک درزی کے پاس گیا تو اس نے وہاں اپنی حالتِ زار کا ذکر کیا اور کہا مجھ جیسے مفلس انسان کی شادی پر کون شرکت کرے گا۔ اس نے درزی سے کہا کہ وہ شادی سے اپنی والدہ اور ہونے والی اہلیہ کے چہرے پر خوشی دیکھنے کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

شمس الدین کے دکان سے رخصت ہونے کے بعد درزی نے موکا کی تصویر کے ساتھ اس کے الفاظ پر مبنی پیغام کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا جو آناََ فاناََ وائرل ہو گیا۔

پھر کیا تھا،شادی والے دن ہزاروں لوگ موکا کی شادی اور خوشی میں شریک ہونے کیلئے پہنچ گئے جن میں ہر عمر کے افراد شامل تھے۔ لوگوں نے موکا کے گھر میں دلکش زیوارت،بیش قمیت تحائف اور گھریلو تزئین و آرائش کی اشیاء کے انبار لگا دئیے۔ ایک رپورٹ کے مطابق شمس الدین کی شادی میں لگ بھگ 10 ہزار افراد نے شرکت کر کے یادگار بنا دیا،شادی میں کاروں کی تعداد 2 ہزار اور 100 سے زائد موٹر سائیکلیں شامل تھیں جبکہ 50 کے قریب گھڑ سوار بھی آئے تھے۔

کئی میوزک بینڈ بھی شادی کو چار چاند لگانے کیلئے پہنچے،لوگوں نے مسرت بھرے لمحات میں مزید رعنائیاں بھرنے کیلئے رقص کیا اور دولہے میاں کو کندھوں پر اٹھا کر دولہن کے گھر لے گئے۔ لوگوں نے موکا کی شادی پر دریا دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ترکی اور تیونس کے ہنی مون کے ٹکٹ بھی دئیے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس شادی پر الجزائر کے لوگوں نے ہی نہیں بلکہ تیونس اور لیبیا سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔