Live Updates

نوازشریف کی تاحیات نااہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ کا نہیں ریاست پاکستان کا تھا

یہی یاد دہانی آج سپریم کورٹ نے بھی کروائی،نواز شریف کے چھ چیفس سے تصادم کے برعکس شہباز شریف آج اسٹیبلیشمنٹ کی آنکھ کا تارا بن چکے،نواز شریف اب لندن سے پاکستانی سیاست کے مزے لیتے رہیں۔سینئر صحافی کامران خان کا ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 11 اگست 2023 12:29

نوازشریف کی تاحیات نااہلی کا فیصلہ  سپریم کورٹ کا نہیں ریاست پاکستان ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 11 اگست 2023ء) سپریم کورٹ نے سپریم کورٹ ریویو آف آرڈر اینڈ ججمنٹس ایکٹ کالعدم قرار دے دیا۔عدالت نے قرار دیا کہ سپریم کورٹ ریویو ایکٹ آئین کیخلاف ہے،پارلیمنٹ نے اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کیا۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلے پر سینئر صحافیوں کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔سینئر صحافی سلیم صافی نے اس فیصلے کو عمران خان کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دے دیا۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے شہباز شریف کے دوبارہ وزیراعظم بننے اور عمران خان کو بھی تاحیات نااہل کرنے کی راہ ہموار کردی۔انہوں نے مزید کہا کہ باقی اپنا ذہن استعمال کریں۔
۔تاہم اسی حوالے سے سینئر صحافی کامران خان نے مختلف رائےکا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اپریل 2018 میں جب سپریم کورٹ نے نواز شریف کو سیاست سے تا حیات نا اہل قرار دیا تو یہ فیصلہ محض سپریم کورٹ کا نہیں ریاست پاکستان کا تھا۔

اس فیصلے میں کوئی رد بدل نہیں ہوا یہی یاد دہانی آج سپریم کورٹ نے کروائی ہے ۔اسی لئے نواز شریف کی تاحیات نا اہلی کے فیصلے کی نظرثانی کا قانون جو پی ڈی ایم نے پارلیمنٹ سے بنوایا تھا آج کالعدم قرار دیا گیا یہی وہ خدشہ تھا جس کے تحت شہباز شریف کے 16 ماہ وزیر اعظم رہنے کے باوجود نواز شریف دبئی تک تو پہنچے مگر لاہور نہیں آئے ۔کامران خان نے مزید کہا کہ ان 16 ماہ میں ن لیگ سیاست کی کایہ پلٹ چکی ہے۔

شہباز شریف جن کی سیاسی زندگی میں نواز شریف کے چھ چیفس آف آرمی اسٹاف سے تصادم کے برعکس سٹیبلشمنٹ سے ٹکراؤ کی ایک بھی مثال نہیں ہے، آج اسٹیبلیشمنٹ کی آنکھ کا تارا بن چکے ہیں ۔سینئر صحافی نے کہا کہ نواز شریف کے لئے مشورہ یہی ہے کہ مے فئیر سے پاکستان کی سیاست کے مزے لیتے رہیں
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات