’دل ہونا چائی دا جوان‘

برطانوی خاتون نے 12 ہزار فٹ بلندی سے اسکائی ڈائیونگ کرکے 90 ویں سالگرہ کا جشن منایا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 17 اگست 2023 14:16

’دل ہونا چائی دا جوان‘
لندن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 اگست 2023ء ) برطانیہ میں ایک خاتون نے 12 ہزار فٹ کی بلندی سے اسکائی ڈائیونگ کرکے اپنی 90 ویں سالگرہ کا جشن مناتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ایک برطانوی خاتون ہلیری آکسلے نے اپنی 90ویں سالگرہ اپنے بچوں اور پوتے پوتیوں کے ساتھ ذرا منفرد انداز میں منائی، جس کے لیے انہوں نے اسکائی ڈائیونگ کا انتخاب کیا اور 12 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگانے کا سٹنٹ کامیابی سے مکمل کیا، معمر خاتون کے لیے اس اسکائی ڈائیونگ کا اہتمام خاندان کی طرف سے ان کی سالگرہ کے تحفے کے طور پر کیا گیا کیوں کہ ہلیری آکسلے اسکائی دائیونگ کی شوقین رہی ہیں اور ان کا یہ شوق اب اس عمر میں بھی سلامت ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ معمر خاتون کی جانب سے اس بار کی جانے والی اسکائی ڈائیونگ میں ان کی 2 پوتیاں بھی ان کے ساتھ شریک ہوئیں، جن کی دادی نے 12 ہزار فٹ کی بلندی سے لگائی گئی اس چھلانگ کو بہترین انداز میں مکمل کیا اور بغیر کسی پریشانی، تھکاوٹ یا خوف کے اپنا شوق پورا کرلیا جب کہ ان کی پوتیوں 41 سالہ سٹیفنی رسل اور 29 سالہ ڈیزی ہگز نے کہا کہ وہ اس چھلانگ سے خوفزدہ تھیں۔

(جاری ہے)

دلچسپ بات یہ بھی معلوم ہوئی ہے کہ ہلیری آکسلے نے اس سے پہلے 10 سال قبل اپنی 80 ویں سالگرہ بھی کچھ اسی انداز میں منائی تھی اور بغیر کسی رکاوٹ کے کامیابی کے ساتھ اپنے اس سٹنٹ کو بھی مکمل کیا تھا۔ 90 سالہ خاتون کہتی ہیں کہ 10 سال پہلے پہلی بار ایسا کرنا بہت آسان اور کم پیچیدہ تھا تاہم اسکائی ڈائیونگ میرے لیے ہمیشہ سے غیرمعمولی خوشی کا باعث رہی ہے اور میں اسے 10 سال میں دوبارہ بھی کروں گی کیوں کہ کوئی انسان صرف ایک ہی بار جیتا ہے اور یہ تجربہ بہت خوبصورت ہے۔

متعلقہ عنوان :