پارٹی کو مضبوط کرنے کا مشن،آئی پی پی کے مختلف سیاسی رہنماؤں سے رابطے

سیاسی رہنماؤں کو استحکام پاکستان پارٹی کے ٹکٹ دینے کی بھی پیشکش کی گئی

Abdul Jabbar عبدالجبار ہفتہ 19 اگست 2023 16:04

لاہور (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 19 اگست 2023ء) آئی پی پی نے پنجاب میں پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے سیاسی رہنماؤں سے رابطے تیز کر دئیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی نے حامد ناصر چٹھہ اور سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت سے رابطہ کیا۔ استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما نعمان لنگڑیال نے مختلف سیاسی رہنماؤں سے رابطے کئے اور پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی۔

ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب سمیت دیگر اضلاع کی سیاسی شخصیات سے بھی رابطے کئے گئے،جبکہ سیاسی رہنماؤں کو استحکام پاکستان پارٹی کے ٹکٹ دینے کی پیشکش بھی کی گئی۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے کئی رہنماؤں نے پارٹی میں شمولیت کیلئے آمادگی ظاہر کر دی،آئندہ ہفتے سابق صوبائی وزیر صمصام بخاری بھی آئی پی پی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سابق صوبائی وزیر صمصام بخاری نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا،صمصام بخاری نے پیٹرن ان چیف استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین سے ملاقات کی۔ سابق صوبائی وزیر نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی اور آئی پی پی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ سابق صوبائی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہر محب وطن پاکستانی کی طرح 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں،یہ ملک اور ادارے ہمارے ہیں۔

کبھی تشدد کی سیاست پر یقین رکھا اور نہ رکھوں گا۔ جبکہ گزشتہ دنوں صمصام بخاری نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق اہم انکشافات کئے تھے۔ پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر صمصام بخاری کی 9 مئی واقعات سے متعلق کی گئی گفتگو سے متعلق مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی۔ ۔ صمصام بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک اجلاس رکھا جس میں فیصلہ کیا گیا جو بھی احتجاج ہو گا فوج کیخلاف ہو گا۔ میری بچت ہو گئی کہ میں وہاں نہیں تھا،میری طبعیت ٹھیک نہیں تھی اور میں اوکاڑہ میں تھا۔