تحریک آزادی کشمیر میں شہداء کی قربانیاں قابل تحسین ہیں،سردار عتیق

منگل 22 اگست 2023 18:06

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2023ء) یوم نیلہ بٹ کی تقریبات ، صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان، خان عبدالغفار خان ، سائیں علی بہادر خان و گرو بابا ، سائیں اکرم خان ، سردار گل احمد خان شہید ، سردار عارف خان نیلہ بٹ ، اور ایس پی سردار رزاق مرحوم ، راجہ شیر زمان ، کوٹلی بیل میں راجہ لطیف شہید اور دیگر شہداء اور تحریک آزادی کشمیر کے رہنمائوں کے مزارات پر چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی ، ان کے ہمراہ میجر (ر) نصر اللہ خان ، یوتھ ونگ کے چیئرمین سردار عثمان علی خان ، راجہ منیر خان ، سردار عبدالواحد خان و دیگر بھی موجود تھے ، اس موقع پر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں شہداء کی قربانیاں قابل تحسین ہیں جنہیں کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا ، شہداء نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے تحریک آزادی کشمیر کو جلا بخشی اور یہ خطہ آزاد کروایا جس میں آج ہم آزادی کا سانس لے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو آزادی کی تحریک میں شامل اسلاف کی تاریخ اور ان کی قربانیوں سے روشناس کروانا ضروری ہے اور یوم نیلہ بٹ کا اہتمام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ اسلاف کی قربانیوں کی بدولت تحریک آزادی کشمیر اپنی پوری آب و تاب سے جاری ہے اور اس تحریک کی کامیابی اور تکمیل پاکستان کشمیریوں کی آخری منزل ہے جس کے حصول کے لیے کشمیری عوام کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔