امارات میں دھوپ میں کام کروانے پر 59 اداروں کیخلاف کارروائی

130 کارکنوں کو موسم گرما کے دوران حکومتی پابندی کے اوقات میں کام کرنے پر مجبور کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 اگست 2023 15:42

امارات میں دھوپ میں کام کروانے پر 59 اداروں کیخلاف کارروائی
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 اگست 2023ء ) متحدہ عرب امارات میں مڈ ڈے بریک کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 59 ادارے پکڑے گئے۔ خلیجی میڈیا کے مطابق حکام نے انکشاف کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کارکنوں کے لیے مڈ ڈے بریک کے اصول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اب تک 59 ادارے پکڑے گئے ہیں، اس حوالے سے انسانی وسائل اور امارات کی وزارت (MOHRE) نے اپنے ایک بیان مین کہا کہ ہم نے 15 جون سے 17 اگست تک اداروں کے 67 ہزار سے زیادہ معائنہ کے دورے کیے ان دوروں کے بعد ہمیں اداروں کی طرف سے صرف 59 خلاف ورزیوں کا پتا چلا، جن میں کل 130 کارکنان اپنے متعلقہ اداروں کی طرف سے ان خلاف ورزیوں میں ملوث پائے گئے۔

بتایا جاتا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے 15 جون سے 3 ماہ کے لیے دوپہر کے وقت دھوپ میں کام کرنے پر پابندی عائد کی تھی، اس دوران روزانہ دوپہر 12 بج کر 30 منٹ سے سہ پہر 3 بجے تک کھلی جگہوں اور براہ راست سورج کی روشنی میں کام کرنے پر پابندی عائد کی گئی۔

(جاری ہے)

انسانی وسائل اور امارات کی وزارت (ایم او ایچ آر ای) کا کہنا ہے کہ پابندی کے مہینوں کے دوران روزانہ کام کے اوقات 8 گھنٹے سے زیادہ نہیں ہوتے، اگر کسی ملازم کو روزانہ 8 گھنٹے سے زیادہ کام کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے تو اضافی مدت کو اوور ٹائم سمجھا جاتا ہے اور ملازم معاوضے کا حق دار ہوتا ہے جب کہ آجروں کو ایک سایہ دار جگہ فراہم کرنے کا بھی پابند کیا جاتا ہے جہاں کارکن دوپہر کے وقفے کے دوران آرام کرسکیں۔

معلوم ہوا ہے کہ پابندی کی دفعات اور ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والے آجروں پر ہر کارکن کے لیے 5 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، اگر متعدد کارکنوں کو ممنوعہ اوقات کے دوران کام کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے تو زیادہ سے زیادہ جرمانے کی رقم 50 ہزار درہم ہے۔