ةتمام خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں پر مکمل اعتماد ہے ،نگران وزیراعظم

ض*وزیراعظم پاکستان کی پاک بحریہ کی جنگی مشق شمشیرِ بحر کی ڈی بریفنگ میں شرکت

بدھ 30 اگست 2023 20:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اگست2023ء) وزیراعظم پاکستان کی پاک بحریہ کی جنگی مشق شمشیرِ بحر کی ڈی بریفنگ میں شرکت کی۔ پاکستان بحریہ کی نویں جنگی مشق شمشیرِ بحر کی ڈی بریف کراچی میں منعقد ہوئی۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ مہمان خصوصی کی آمد پر امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، وزیراعظم نے قومی دفاعی پالیسی کے مطابق عسکری حکمت عملی کی توثیق کے لیے جنگی مشقوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے فورس کمانڈرز کے مشق کے سلسلے میں تجزیے کی تعریف کی جو پاکستان کی میری ٹائم سیکیورٹی اور سمندری دفاع کو مضبوط بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔نہوں نے سی پیک اور گوادر پورٹ کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کی بڑھتی ہوئی ذمہ داریوں پر بھی روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے تمام خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور بحری دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تمام دستیاب وسائل فراہم کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ قبل ازیں، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) نے جنگی مشق کے مقاصد پیش کیے جو تینوں مسلح افواج، متعلقہ وزارتوں اور ڈویڑنز کے شرکائ کے ساتھ منعقد کی جاتی ہے۔ انہوں نے مشق کے دوران پرکھے گئے متعدد پہلؤوں اور پاک بحریہ کی تعیناتی کی حکمت عملی سے متعلق سفارشات پر روشنی ڈالی۔ مشق کی ڈی بریف میں اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام اور تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران نے شرکت کی۔