طویل راستے سے تنگ دو افراد نے دیوارِ چین کو کاٹ کر راستہ بنا دیا

دونوں ملزمان اپنے سفر کا فاصلہ کم کرنا چاہتے تھے،پولیس نے خاتون سمیت دونوں ملزمان کو گرفتارکر لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 5 ستمبر 2023 15:13

طویل راستے سے تنگ دو افراد نے دیوارِ چین کو کاٹ کر راستہ بنا دیا
طویل راستے سے تنگ دو افراد نے دیوارِ چین کو کاٹ کر راستہ بنا دیا۔طویل سفر سے تنگ دو افراد کی جانب سے کیا گیا یہ اقدام عالمی میڈیا کی بھی زینت بن گیا۔بتایا گیا ہے کہ چین کے صوبے شنسی کے علاقے Youyu میں یہ واقعہ پیش آیا ہے جہاں پر دو افراد نے دیوارِ چین میں سوراخ کر دیا۔مقامی پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 55 سالہ خاتون اور 38 سالہ مرد اپنی تعمیراتی جگہ پر پہنچنے کے لیے دیوارِ چین میں سوراخ کرکے شارٹ کٹ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔

انہوں نے ایکسیویٹر کا استعمال کرکے دیوارِ چین میں پہلے سے موجودہ ایک سوراخ کو کشادہ کیا تاکہ ان کی مشین وہاں سے گزر سکے۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ دونوں ملزمان اپنے سفر کا فاصلہ کم کرنا چاہتے تھے مگر اس کے باوجود دیوارِ چین کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے مرد و خاتون کو حراست میں لے لیا۔بتایا گیا ہے کہ دیوار کے اس حصے میں ایک بڑے سوراخ کی رپورٹس کے بعد 24 اگست کو مقامی حکام الرٹ ہوئے۔

مقامی حکام نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی دونوں ملزمان کی تلاش شروع کر دی تھی۔حکام نے بتایا کہ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔جب کہ دیوارِ چین کے متاثرہ حصے کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں جن میں ایک ٹوٹے پھوٹے راستے کو دیوارِ چین کے سوراخ سے گزرتے دکھایا گیا ہے۔خیال رہے کہ دیوارِ چین کی تعمیر 220 قبل سیح میں شروع ہو کر 17 ویں صدی میں منگ خاندان کی سلطنت تک ہوئی تھی۔دیوار چین کو 1987 میں یونیسکو کے عالمی ثقافی ورثے میں بھی شامل کیا گیا تھا۔2016 میں چینی حکومت نے عظیم دیوار چین کےنیچے دنیا کا سب سے بڑا اور سب سے گہرا ریلوے اسٹیشن بنانے کا بھی ارادہ کیا تھا۔بیجنگ سے 80 کلومیٹر دور یہ مقام دیوار چین پر سب سے بڑا سیاحتی مقام ہے۔