اوپن مارکیٹ میں ڈالر دو روز میں 17 روپے سستا ہو گیا

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 8 روپے کی بڑی کمی کے بعد 315 روپے کی سطح پر پہنچ گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 6 ستمبر 2023 12:03

اوپن مارکیٹ میں ڈالر دو روز میں 17 روپے سستا ہو گیا
کراچی(اردو پوائنٹ،تازہ ترین اخبار ۔ 06 ستمبر 2023ء) کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔آج کاروبار کے آغاز پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 8 روپے کی بڑی کمی ہو گئی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 315 روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔گذشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر 323 روپے پر بند ہوا تھا۔ جب کہ انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 15 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔

انٹر بینک میں ڈالر 307.25 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ گذشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر 307.10 روپے پر بند ہوا تھا۔گزشتہ چند دنوں سے روپے کی قیمت ریکارڈ کمی آنے کے باعث ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا ہے پاکستان بزنس کونسل کی جانب سے روپے کی قدر میں تیزی سے کمی پاکستان کے لئے بدترین طوفان قرار دیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز ڈالر کی غیر قانونی خرید و فروخت روکنے کے لیے وفاقی حکومت نے ایکسچینج کمپنیز کے باہر سادہ لباس اہلکار تعینات کیے تھے۔

بتایا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اہلکار ایکسچینج کمپنیز میں ڈالر کی خرید و فروخت والوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے اہلکاروں کی تعیناتی کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے ریٹ میں نمایاں کمی آئی تھی۔ مارکیٹ میں ڈالر وافر مقدار میں موجود ہے،بیچنے والے زیادہ اور خریدار کم ہیں۔ اس حوالے سے فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ملک بوستان نے بتایا کہ ہم نے خود انتظامیہ سے درخواست کی کہ ایکسچینج کمپنیز کے باہر سادہ لباس میں اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔

انکا کہنا تھا کہ ہمارے ممبرز نے شکایات کی تھیں کہ بلیک آؤٹ مافیا ایجنٹ ایکسچینج کمپنیز میں آنے والے لوگوں کو پریشان کرتے ہیں۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر نے مزید کہا کہ بلیک مافیا ایکسچینج کمپنیز میں ڈالر خرید و فروخت کرنے والے والوں کو باہر سے پکڑ لیتے ہیں۔