قصور پولیس کے زیر اہتمام انسداد منشیات کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد

بدھ 13 ستمبر 2023 12:09

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2023ء) قصور پولیس کے زیر اہتمام انسداد منشیات کے حوالے سے ڈی پی ایس سکول میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا ہے۔آگاہی سیمینار میں ڈی پی اوقصور طارق عزیز سندھو،پولیس افسران،ڈی پی ایس سکول کے پرنسپل، اساتذہ کرام اور سٹوڈنٹس نے شرکت کی۔ڈی پی او قصور نے سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے ویژن کے مطابق ضلع بھر میں منشیات کے خاتمہ کیلئے سپیشل مہم کا آغاز کیا گیاہے‘اس سلسلہ میں سکول و کالجز میں سیمیناز اور آگاہی واک کا اہتمام کیا جار ہا ہے جس کا مقصد طلباء کومنشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے مضمرات سے خبردارکرنا ہے۔

ڈی پی او قصور نے کہا کہ منشیات نسلوں کو تباہ کر دیتی ہے‘ انسدا د منشیات کے لیے عملی اقدامات کیے جار ہے ہیں‘ منشیات فروشی کے مکرہ دھندہ میں ملوث سماج دشمن عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے،نوجوان نسل میں منشیات کا زہر اتارنے والوں کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

تاہم منشیات کے مکمل خاتمہ کے لیے عوام کا تعاون بہت ضروری ہے،معاشرے کے تمام طبقات، اساتذہ کرام منشیات کا مکمل خاتمہ کر کے اپنی نسلوں کو اس لعنت سے بچائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں،نشے کے عادی افراد کو انسداد منشیات سنٹرز،ہسپتالوں میں داخل کروایا جا رہا ہے، اس موقع پر طلباء نے انسداد منشیات کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔\378

متعلقہ عنوان :